ٹی ایم سی لیڈر اور ۴؍ بارکے رکن اسمبلی بنرجی کی لاش پھندے سے لٹکی ملی، ممتا نےالزام لگایا کہ ان پر دباؤ تھا اور ہراساں کیا جارہا تھا۔
EPAPER
Updated: August 17, 2026, 11:32 AM IST | Agency | Kolkata
ٹی ایم سی لیڈر اور ۴؍ بارکے رکن اسمبلی بنرجی کی لاش پھندے سے لٹکی ملی، ممتا نےالزام لگایا کہ ان پر دباؤ تھا اور ہراساں کیا جارہا تھا۔
مغربی بنگال اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور بیربھوم کے رام پورہاٹ سے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سابق رکن اسمبلی آشیش بنرجی اتوار کو پارٹی دفتر میں پھانسی کے پھندے سے لٹکے ہوئے پائے گئے۔ پولیس نے رام پورہاٹ کے وارڈ پانچ میں ہتّلا پاڑہ واقع پارٹی دفتر سے ان کی لاش برآمد کی اور اسے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے ایک خودکشی کا نوٹ بھی ملا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’ٹرمپ انتظامیہ ایران پر جوہری حملے پر غور کر رہی ہے‘: مارجوری ٹیلر گرین کا بڑا دعویٰ
پولیس ان کی موت سے جڑے حالات اور نوٹ میں لکھی باتوں کی جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ آیا بنرجی نے خودکشی کی تھی اور اگر ایسا ہے تو انہیں ایسا قدم اٹھانے کے لیے کس بات نے مجبور کیا۔ ٹی ایم سی کے سینئر لیڈر آشیش بنرجی۲۰۰۱ء سے۲۰۲۱ء تک مسلسل رام پورہاٹ سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے تھے۔ پارٹی نے انہیں۲۰۲۶ء کے اسمبلی انتخابات میں میدان میں اتارا تھا، لیکن وہ بی جے پی کے امیدوار دھرو ساہا سے۲۴؍ہزار سے زیادہ ووٹوں سے ہار گئے تھے۔ انہوں نے ممتا بنرجی کی قیادت والی ٹی ایم سی حکومت کے دور اقتدار میں مغربی بنگال اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے طور پر کام کیا اور اسکولی تعلیم اور زراعت جیسے محکموں کی ذمہ داری سنبھالی۔ انہیں رام پورہاٹ میں۲۰۲۲ء کے بوگتوئی قتل عام کے بعد سیاسی تفتیش کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ اور ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکرآشیش بنرجی پر بی جے پی حکومت کی جانب سے دباؤ تھا۔
یہ بھی پڑھئے: کسانوں کا دہلی مارچ کھنوری بارڈر پر روک دیا گیا
وزیراعلیٰ نے معاملے کی جانچ کا تیقن دیا
مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے آشیش بنرجی کی مشتبہ موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائے گی کہ آیا کسی نے انہیں دھمکی دی تھی۔ادھیکاری نے آشیش بنرجی کے اہلِ خانہ سے فون پر تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ایک اچھا سیاسی لیڈر قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آشیش بنرجی کے خلاف بدعنوانی کا کوئی مقدمہ درج نہیں تھا اور نہ ہی پولیس نے انہیں کوئی نوٹس بھیجا تھا۔انہوں نے کہا کہ آشیش بنرجی سے میرے اچھے مراسم رہے ہیں۔
آشیش بنرجی کے متعلق ممتانے کیا کہا؟
مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےآشیش بنرجی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بی جے پی کا نام نہیں لیا لیکن اشارتاً اسی پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے آخری ایام میں آشیش بنرجی جس ’’شدید ذہنی اور جذباتی دباؤ‘‘ سے گزرتے دکھائی دیے، اس نے اس سانحے کو ’’مزید تکلیف دہ‘‘ بنا دیا۔ممتا نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’آشیش بنرجی نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ تدریس اور سماج کی خدمت کیلئے وقف کیا۔اسکے باوجود انہیں بارہا بدنام کیا گیا، ان پر جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ۔‘‘