Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگال میں ’’بلڈوزر راج‘‘ پر شدید برہمی

Updated: May 19, 2026, 9:26 AM IST | Agency | Kolkata

انہدامی کارروائی کے خلاف پارک سرکس میں احتجاج کے بعد ۴۰؍ گرفتاریاں، ممتا بنرجی نے متنبہ کیا کہ’ٹیگور اور نیتاجی کی سرزمین پر خوف کی حکمرانی نہیں ہوسکتی‘

Demonstrators Lathicharged In Kolkata`s Cox`s Bazar On Sunday.Photo:PTI
کولکاتا کے کاکس بازار میں اتوار کو مظاہرین پر لاٹھی چارج کیاگیا- تصویر:پی ٹی آئی
یوپی کی طرح مغربی بنگال  میں بھی  بی جےپی  نے آہنی پنجوں کے ساتھ حکمرانی کا اشارہ دے دیاہے۔ زعفرانی پارٹی کی حکومت بنتے ہی بلڈوزر کارروائیوں  کے خلاف  اتوار کو پارک سرکس علاقے میں احتجاج کو ناکام بنانے کیلئے پولیس کے لاٹھی چارج  کے بعد پیر کو ۴۰؍ افراد کو غیر قانونی احتجاج اور پولیس پر پتھر چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیاہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے متنبہ کیا ہے کہ  ’’پولیس اب بندھے ہوئے ہاتھوں‘‘ کے ساتھ کام نہیں کریگی۔انہوں نے کسی مذہب کا نام لئے بغیر یہ بھی کہا کہ ’’سیاسی اور مذہبی تنظیمیں پولیس کو اطلاع دے کر پروگرام کرسکتی ہیں،مگر لوگوں کو اکٹھاکرنا، مذہبی نعرہ لگانا اور پولیس پر پتھراؤ کرنا اب برداشت نہیں کیا جائےگا۔‘‘انہوں نےا سے  ’’آخری وارننگ‘‘ قرار دیا ہے۔ 
 
 
دوسری طرف ممتا بنرجی اور سی پی آئی نے  بی جےپی کے اقتدار میں طاقت کے غیر ضروری استعمال اور بلڈوزر کارروائیوں پر تنقید کی ہے۔ ممتا بنرجی نے اتوار کی رات ’’بلڈوزر کی سیاست‘‘ پر تنقید کرتےہوئےواضح کیا کہ ’’نیتاجی اور ٹیگور کی سرزمین پر خوف کی حکمرانی نہیں ہوسکتی۔‘‘ انہوں  نے ایکس پر کئے گئے پوسٹ میں بی جےپی کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ’’ ثقافت، باہمی  ہمدردی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی بنیاد پر قائم  ریاست میں بلڈوزر حکمرانی کی زبان نہیں بن سکتی۔‘‘ یاد رہے کہ بدھ کو کولکاتا کے تل جا علاقے میں  بلڈوزر کارروائی کی گئی تھی جس کے خلاف اتوار کو پارک سرکس پر احتجاج کیامگر مظاہرین پر پتھراؤ کا الزام عائد کرکے  ان پر لاٹھی چارج کی گئی۔ 
 
 
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے بھی  تجاوزات ہٹانے کیلئے  بلڈوزر کے استعمال کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ  بی جے پی کو اپنے اقتدار کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کو آئین کے مطابق کام کرنا چاہیے اور آئینی اخلاقیات کو برقرار رکھنا چاہیے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK