Updated: May 19, 2026, 10:23 AM IST
|
Agency
| Madrid
لا لیگا چمپئن بارسلونا نے گزشتہ روز رئیل بیٹس کے خلاف ایک کے مقابلے ۳؍ کی جیت کے ساتھ اپنے گھریلو میدان پر شاندار ریکارڈ برقرار رکھا۔
رابرٹ۔ تصویر:آئی این این
لا لیگا چمپئن بارسلونا نے گزشتہ روز رئیل بیٹس کے خلاف ایک کے مقابلے ۳؍ کی جیت کے ساتھ اپنے گھریلو میدان پر شاندار ریکارڈ برقرار رکھا اور اپنے اسٹار کھلاڑی رابرٹ لیوونڈووسکی کو یادگار وداعی دی۔بارسلونا نے اپنے گھریلو میدان کیمپ ناؤ میں اس سیزن لا لیگا فٹبال ٹورنامنٹ کے تمام ۱۹؍ میچ جیتے۔ یہ اس سیزن میں اس کے گھریلو میدان پر آخری میچ تھا۔ ا س میچ میں رافنہا نے ۲؍ جبکہ جواو کینسلو کے ایک گول کیا جس کی بدولت بارسلونا ہسپانوی لیگ میں گھریلو میدان پر ناقابل شکست رہا۔
بارسلونا ۲؍ راؤنڈ پہلے ہی مسلسل دوسری بار لیگ خطاب اپنے نام کر چکا تھا۔ ابھی ایک راؤنڈ کے میچ باقی ہیں۔ واصح رہے کہ بارسلونا نے سنیچر کو اعلان کیا تھا کہ ۳۷؍ سالہ لیونڈووسکی ۴؍ سیزن کے بعد کلب چھوڑ رہے ہیں۔اسی طرح انٹونی گریزمین نے میجر لیگ ساکر میں کھیلنے کے لئے امریکہ روانہ ہونے سے پہلے میٹروپولیٹانو اسٹیڈیم میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے مداحوں کو الوداع کہا۔ ایٹلیٹیکو نے گیرونا کو۰-۱ سے شکست دی۔
لیونڈووسکی نے بارسلونا کو ۴؍ سیزن میں ۳؍ اسپینش لیگ خطاب دلانے میں مدد کی۔ ان کے دور میں کلب نے کوپا ڈیل رے کا خطاب بھی جیتا۔ انہوں نے بارسلونا کی جانب سے ۱۹۲؍ میچوں میں ۱۱۹؍ گول کئے۔پولینڈ سے تعلق رکھنے والے اسٹرائیکر کے لئے یہ ایک جذباتی الوداعی لمحہ تھا، جنہیں میچ کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے ہوا میں اچھالا۔ لیوونڈووسکی جب لاکر روم کی طرف جا رہے تھے تو ان کے ساتھی کھلاڑی قطار بنا کر تالیاں بجاتے رہے۔
میں ورلڈ کپ کے لئےپوری طرح تیار ہوں:نیمار
برازیل کے لیجنڈری فارورڈ اور ریکارڈ گول اسکورر نیمار جونیئر نے ان پر ہونے والی حالیہ تنقید کو بکواس قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی فٹنس ثابت کر چکے ہیں اور کارلو اینسلوٹی کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ کے مکمل حقدار ہیں۔نیمار، جو سال بھر گھٹنے کی سرجری اور مختلف انجریز کے باعث میدان سے باہر رہے، اب سانتوس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’میں جسمانی طور پر بہتر محسوس کر رہا ہوں اور ہر گزرتے میچ کے ساتھ میری کارکردگی بہتر ہو رہی ہے۔ میں نے یہاں تک پہنچنے کیلئے سخت محنت کی ہے، جبکہ لوگ میرے بارے میں طرح طرح کی باتیں کر رہے تھے جو کہ افسوسناک ہے۔
نیمار کا کہنا ہے کہ انہوں نے خاموشی سے گھر پر اپنی فٹنس پر کام کیا اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں اور فیفا ورلڈ کپ میں کھیلنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ برازیل کے کوچ اینسلوٹی نے واضح کیا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے لئے نیمار کا مکمل فٹ ہونا لازمی ہے۔ اتوار کو کوریٹیبا کے خلاف میچ کے دوران نیمار کو غلطی سے تبدیل کئے جانے پر انہوں نے شدید احتجاج بھی کیا، جو ان کے بقول ایک غلط فہمی تھی۔