• Mon, 24 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلور: اوبر ڈرائیور کی ہمدردی وائرل : بھوکی خاتون مسافر کو سینڈوچ پیش کیا

Updated: November 24, 2025, 9:56 PM IST | Bengaluru

بنگلور میں ایک خاتون، یوگیتا راٹھور، نے ایک وائرل انسٹاگرام ویڈیو میں اپنے ساتھ پیش آنے والے دل چھو لینے والے واقعے کو شیئر کیا۔ بھوک اور تھکن سے چور یوگیتا ایئرپورٹ کی جانب جا رہی تھیں کہ ٹیکسی ڈرائیور نے ان کی حالت محسوس کر کے راستے میں گاڑی روکی اور ان کیلئے سینڈوچ خریدا۔

Yogita Rathore. Photo: INN
یوگیتا راٹھور۔ تصویر: آئی این این

کھانا اکثر غیر متوقع کہانیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور حال ہی میں وائرل ہونے والا ایک انسٹاگرام ویڈیو اس کی بہترین مثال ہے۔ بنگلور کی ایک خاتون کے ساتھ پیش آنے والا دل چھو لینے والا واقعہ سوشل میڈیا پر ہزاروں لوگوں کے دلوں کو موہ لیا ہے۔ یہ واقعہ کسی مہنگے ریستوران یا کھانے کے نئے رجحان کی وجہ سے نہیں بلکہ عین وقت پر ملنے والے ایک سادہ سے سینڈوچ کی بدولت وائرل ہوا۔ انسٹاگرام پر مواد تخلیق کرنے والی یوگیتا راٹھور نے اپنی زندگی کے ’’سب سے خوبصورت تجربات‘‘ میں سے ایک کو ایک ویڈیو میں شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طویل شوٹنگ ڈے کے بعد جب وہ ایئرپورٹ کیلئے ٹیکسی میں بیٹھیں تو وہ تھکی ہوئی، ذہنی طور پر پریشان اور شدید بھوکی تھیں۔ وہ فون پر ایک دوست سے بات کرتے ہوئے رونے لگیں اور بتایا کہ وہ سارا دن کچھ نہیں کھا سکیں۔ رات ۲؍ بجے کی فلائٹ اور شہر سے دور ایئرپورٹ تک طویل سفر کی وجہ سے انہیں ڈر تھا کہ شاید اب کھانا بھی نہ مل سکے۔

ایک سادہ سینڈوچ، پوری کہانی بدل دیتا ہے
یوگیتا کے مطابق، سفر کے دوران اچانک ٹیکسی رک گئی۔ وہ سمجھی کہ ڈرائیور کو شاید واش روم جانا ہے، لیکن جو ہوا وہ ان کیلئے حیران کن تھا۔ ڈرائیور ہاتھ میں سینڈوچ کا ڈبہ لیے واپس آیا۔ ویڈیو میں وہ نرمی سے کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے:’’میں نے سنا کہ آپ اپنے دوست کو کہہ رہی تھیں کہ آپ بہت بھوکی ہیں، تو مجھے برا لگا۔ اگر یہ میری بہن ہوتی اور وہ بھوکی ہوتی تو تب بھی یہی کرتا۔‘‘ وہ مزید بتاتا ہے کہ اس نے خاص طور پر ویج سینڈوچ اس لئے لایا کیونکہ اس نے یوگیتا کو کال پر یہ ذکر کرتے ہوئے سنا تھا۔ ڈرائیور کے اس غیر معمولی عمل نے یوگیتا کو متاثر کیا۔ انہوں نے ڈرائیور کو بتایا کہ وہ اس لمحے کو ہمیشہ یاد رکھیں گی — ایک چھوٹا سا عمل جو عین وقت پر انہیں سکون دے گیا۔ ویڈیو کے اختتام پر یوگیتا نے ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہر انسان اپنی جدوجہد میں ہے۔ جب بھی موقع ملے، چھوٹے چھوٹے اشاروں سے ہی صحیح، ہمدردی ضرور دکھائیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: لیبر قوانین نافذ: کم از کم اجرت اور سماجی تحفظ کا دعویٰ

سوشل میڈیا پر جذباتی ردِعمل
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، اور تبصروں سے ظاہر ہے کہ لوگوں کے دل اس کہانی سے کس طرح جڑ گئے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’دیکھنے اور نظر انداز نہ کرنے کا فن، واقعی کم لوگوں کے پاس ہے۔‘‘ ایک اور نے کہا کہ ’’ایسے لوگ ہی عورتوں کو محفوظ محسوس کرواتے ہیں۔‘‘ ایک تبصرہ تھا:’’یہ خدا کا پیغام ہے کہ وہ تمہارے ساتھ ہے۔‘‘ایک اور صارف نے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’’کچھ لوگ آپ کا نام تک جانے بغیر آپ کی مدد کرتے ہیں۔ مہربانی واقعی غیر متوقع جگہوں سے ملتی ہے۔‘‘ یہ واقعہ بہت سے لوگوں کیلئے یاد دہانی بن گیا ہے کہ ہمدردی چاہے ایک ٹیک وے سینڈوچ ہی کیوں نہ ہو، کسی کے پورے دن کو بدل سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK