Inquilab Logo

بیسٹ نے بجلی بل وصول کرنےکی مہم تیزکی ، من مانے بل سے صارفین برہم

Updated: July 23, 2020, 9:06 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ایس ایم ایس ، ای میل اور دیگر الیکٹر انک ذرائع کےبعد اب بجلی بل کی کاپی بھی صارفین کو فراہم کرنے کی شروعات کردی گئی ۔موبائل نمبر حاصل کرنے کیلئے بیسٹ کا نمائندہ گھرگھر جارہا ہے ۔ ناگپاڑہ کے صارف کو ایک مہینے کا بل ساڑھے ۶؍ہزار روپے آیاہے جبکہ ڈمٹمکر روڈ کے صارف نے لاک ڈائون میں بھی بل برابرادا کیاتھا، اس کے باوجود اسے ۲۷؍ہزار روپے کا بل آیاہے

Electricity Bill - Pic : INN
بجلی بل ۔ تصویر : آئی این این

بی ای ایس ٹی (بیسٹ) نے بجلی بل وصول کرنے کی مہم تیز کردی ہے ۔اس نے  لاک ڈائون کی وجہ سے مارچ سے بجلی بل کی  کاپی تو نہیں بھیجی تھی لیکن ایس ایم ایس ، ای میل اور دیگر الیکٹر انک ذرائع سے بل کی ادائیگی کیلئے صارفین سے اپیل کررہی تھی۔ اب بیسٹ نے بجلی بل کی کاپی بھی صارفین کو فراہم کرنے کی شروعات کردی ہے ۔ جن صارفین کا موبائل نمبر درج نہیں ہے، ان کا موبائل نمبر حاصل کرنےکیلئے بیسٹ کا نمائندہ گھرگھرجارہاہے ۔ دوسری جانب لا ک ڈائون میں لوگوں کا کام کاج ٹھپ پڑاہے ایسے میں من مانے بجلی بل  سے صارفین بیسٹ پر برہم ہیں۔ ناگپاڑہ کے ایک صارف کو ایک مہینے کا بل ساڑھے ۶؍ہزار روپے آیاہے ۔ اسی طرح ڈمٹمکر روڈ  پر ایک صارف نے لاک ڈائون میں بھی بل برابرادا کیاہے اس کے باوجود اسے ۲۷؍ہزار روپے کا بل آیاہے ۔ اس طرح کی متعدد شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔
  منگل کو بیسٹ کے ایک نمائندے نے مورلینڈ روڈ ، نیانگر  کے ۷۵؍مکینوں سے ان کے موبائل فون نمبر حاصل کئے۔ انہیں یہ بتایاگیاکہ ان کا موبائل نمبر ریکارڈ میں درج نہیں ہے اس لئے انہیں الیکٹرک  بل سے متعلق تفصیلات   بھیجی نہیں جارہی ہے ۔ اس نمائندے کےاستفسارکرنے پر اس نے بتایاکہ ’’لاک ڈائون کی وجہ سے بل کی ہارڈ کاپی بھیجی نہیں جارہی ہے ۔ جن صارفین کا موبائل فون نمبر ریکارڈ میں ہے، انہیں موبائل پر بجلی بل کی تفصیلات فراہم کی جارہی ہے ۔ جن کے موبائل نمبر نہیں ہیں ،انہیں بل روانہ کرنےکیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے ۔‘‘
 تیلی محلہ ، جے جے جنکشن پر واقع بسم اللہ ہائٹس کے ڈاکٹر جاوید کوثر نے بتایاکہ ’’ عموماً میرے گھر کا بجلی بل ایک ہزار۸۰۰؍روپے آتاہے لیکن لاک ڈائون میں ہم نے بجلی برائے نام  استعمال کی، اس کے باوجود ۴؍مہینے کا بل ۱۰؍ ہزار روپے آیاہے ۔ یہ اوسط بل ہے لیکن جس طرح کے حالات ہیں،  ایسے میں ۱۰؍ہزار روپے کی ادائیگی کرنا میرے لئے دشوار ہے۔ہم نے بجلی برائے نام استعمال  کی ہے، اس کے باوجود ہمیں اتنازیادہ بل بھیج دیاگیاہے۔‘‘
  ڈمٹمکر روڈ ، ناگپاڑہ پر واقع حاجی بلڈنگ کے شیخ محمد یونس نے کہاکہ ’’لاک ڈائون کے باوجود ۲؍مہینے پہلے میں نے ۲؍ہزار روپے کا بجلی بل آن لائن طریقہ سے ادا کیا تھا۔ اب اچانک ۲۷؍ہزارروپے کا بل آگیا ۔ عام دنوں میں میرا بل ۲؍ سے ڈھائی ہزارروپے کے درمیان ہوتا ہے ۔اس حساب سے ۴؍مہینے کابل  ۱۰؍ ہزار روپے ہونا چاہئے مگر مجھے ۲۷؍ ہزار روپے کا بل آیاہے جس سے میں پریشان ہوں۔ اس بارے میں  جب میں نے بیسٹ کے آفس سے رابطہ کیاتو بتایاگیاکہ اپریل سے بجلی  بل میں ۱۵؍ فیصد کا اضافہ ہواہے۔ اس لئے بل بڑھاہے۔ اگر اس جوازکومان بھی لیا جائے تو بھی میرا بل بہت زیادہ ہے لیکن بیسٹ انتظامیہ نے میری ایک نہیں سن رہا ہے اورکہاکہ پہلے بل اداکرو ، ہوسکتاہےکہ تمہارےڈیجیٹل میٹر میں کوئی خامی ہو۔ ہم میٹر چیک کریں گے ،اگر کوئی خامی سامنے آتی ہے تو اس حل نکالاجائے گا۔‘‘انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ایک توعام لوگ لاک ڈائون کی وجہ سے بے روزگاری کا شکار ہے ۔ دیگر ریاستوںمیں عوام کی سہولت کیلئے بجلی بل میں تخفیف کی جارہی ہے جبکہ ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر علاقوں میں ایسے نازک وقت میں بھی بل میں ۱۵؍فیصد کا ا ضافہ کیا معنی ہے۔ عوام کو راحت دینے کے بجائے پریشانی میں مبتلا کیاجارہاہے۔‘‘
  گرانٹ روڈ کے واحد شیخ نے کہاکہ ’’مجھےتعجب ہورہاہےکہ گزشتہ ۴؍مہینے سے میرا آفس بندہے ، اس کےباوجود مجھے ۴؍مہینے کا بل ادا کرنے کیلئے ایس ایم سی موصول ہوا۔ میں نے بل تو اداکردیا،دیکھتےہیں کہ اس کا ایڈجسٹ منٹ کب ہوتاہے ۔‘‘
  صوفیہ زبیر روڈ کے سماجی کارکن تاج قریشی نے بتایا کہ ’’ ہر مہینے میرا الیکٹر ک بل ۸۰۰؍تا۱۲۰۰؍روپے آتا ہے مگر منگل کو مجھے  بل کی جو ہارڈ کاپی ملی ہے، اس میں ایک مہینے کا بل ۶؍ہزار ۳۳۸؍روپے آیاہے۔ بیسٹ انتظامیہ کی اندھیر نگری کی حد ہے۔ ہمارے قریب ہی بیسٹ افسران کی سانٹھ گانٹھ سےصرف ۳۰۰؍ روپے ماہانہ کے حساب سے جھوپڑے والے پورامہینہ دن رات بجلی استعمال کر تےہیں ۔ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے ۔ ہم لوگ ذمہ داری سے بجلی بل ادا کرتےہیں تو ہمیں لوٹا جارہاہے۔‘‘
 مذکورہ بالاشکایتوں سے متعلق بیسٹ کے جنرل منیجر سریند ر باگڑے سے ان کے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوںنےفون ریسیونہیں کیاجبکہ ڈپٹی جنرل منیجر مہندر اُرنکر نے گاڑی چلانے میں مصروف ہونے کی وجہ سے بعد میں رابطہ قائم کرنے کو کہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK