Inquilab Logo

بیسٹ کی منی اے سی بس حادثے کا شکار، ۱۳؍ مسافر زخمی

Updated: October 18, 2020, 8:26 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

موٹر سائیکل سوار کے اچانک سامنے آنے پر بس ڈرائیور نے تیزی سے گاڑی موڑی جو ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی ،زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کیا گیا

BEST Accident
حادثہ میں بیسٹ بس کے اگلے حصے کو کافی نقصان پہنچا جبکہ زخمی مسافر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے

سنیچر کی صبح بیسٹ کی منی بس A27 کے ۱۳؍مسافر اس وقت زخمی ہوگئے اور کئی اپنی سیٹ سے گر پڑے جب بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور اس کا‌ اگلا حصہ ٹوٹ گیا۔ یہ بس بھانڈوپ سوناپور سے ورلی آگار جارہی تھی۔ ۱۰؍ بج کر ۴۵؍منٹ پر جس وقت یہ حادثہ پیش آیا یہ بس گودریج کمپنی کے قریب پُل سے گزر رہی تھی کہ اسی درمیان سامنے سے اچانک تیز رفتار ایک بائیک سوار نوجوان آگیا ۔ اسے بچانے کیلئے بس ڈرائیور سراج پٹھان نے  بس کو تیزی سے دائیں جانب موڑا جس سے بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور ۱۳؍مسافر زخمی ہو گئے۔  ان مسافروں میں سے کچھ کو راجا واڑی اسپتال گھاٹ کوپر میں کچھ  مسافروں کو ڈاکٹر امبیڈکر اسپتال وکھرولی میں اور  سائن اسپتال میں داخل کروایا گیا۔
  حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اہلکار اور ڈی سی پی بھی حائے حادثہ پر پہنچ گئے۔یہ تفصیلات بیسٹ کے پی آر او منوج وراڈے نے نمائندۂ انقلاب کو فراہم کروائیں۔ انہوں نے نمائندۂ انقلاب کے دوبارہ رابطہ قائم کرنے پر  رات کو ۸؍بجے خبر لکھے جانے کے وقت یہ بھی بتایا کہ زخمیوں میں سے دیویندر پنڈت (۳۵)،  اتیاناڈار،(۷۰)، راجن ناڈار(۶۰) اور گیتا ناڈا ر  (۵۹)کا راجاواڑی اسپتال گھاٹ کوپر میں علاج جاری ہے۔ اس کے علاوہ ۲؍زخمی مسافر منجو پڈایا، (۵۲)اور درگیش گپتا(۳۰)کا سائن اسپتال میں  علاج چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ آروہی کھامکر (۲۷)،رویندر پرجاپتی(۴۳)،اشوینی گوسوامی (۳۲) ،سنتوش نائیک (۴۲)، میتھالی کھاتری(۲۹)، محمد شاہد نعمانی(۴۹) اور پرمیلا مالی(۲۹) ان مسافروں کو طبی امداد‌ مہیا کروانے کے بعد اسپتال سے رخصت دے دی گئی جبکہ چند ‌مسافروں کو فوری طور پر گھر جانے کو کہہ دیا گیا تھا۔اس بس میں ۲۰؍سے ۲۲؍مسافر سوار تھے۔ 
 انہوں نے مزید کہا کہ بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے ہمیشہ یہ کوشش کی جاتی ہے کہ مسافروں کو محفوظ سفر مہیا کروایا جائے اور یہی وجہ ہے کہ بیسٹ کی ہزاروں بسوں کے ذریعے لاکھوں مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس کے باوجود جب ایسے حادثے رونما ہوتے ہیں تب بھی غور و خوض کیا جاتا ہے اور ڈرائیوروں کو ٹریننگ کے ساتھ اس بات کی تلقین کی جاتی ہے کہ وہ محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔اس حادثہ میں بس کے ڈرائیور سراج پٹھان بھی زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK