Inquilab Logo Happiest Places to Work

گاڑیوں پر ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانے والے ہوشیار!

Updated: August 21, 2025, 11:01 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

تاریخ میں چوتھی مرتبہ توسیع کے باوجود نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں سے ۵؍ تا ۱۰؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔ ایسے افراد کے خلاف یکم دسمبر سے کارروائی شرو ع ہوگی

It has been made mandatory to install high-security registration number plates on vehicles.
گاڑیوں پرہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبرپلیٹ لگانالازمی قرار دیا گیا ہے۔

دو ، تین اور چار پہیہ گاڑیاں جو اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل رجسٹریشن کرائی گئی ہیں ، ان  کےمالکان کو ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن ( ایچ ایس آر پی )  نمبرپلیٹ   دوبارہ رجسٹرڈ کرانا جہاں لازمی قرار دیا گیا ہے  وہیں اسے لگانے کے لئے ایک دو نہیں بلکہ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے چوتھی مرتبہ ۳۰؍ نومبر تک توسیع کی ہے ۔ تاہم ایک اندازہ کے مطابق اب بھی ۷۰؍ فیصد شہریوں نے پرانی گاڑیوں میں مذکورہ نمبر پلیٹ نہیں لگائی گئی ہے ۔جنہوں نے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے ، وہ اب ہوشیار ہوجائیں کیونکہ اب نمبر پلیٹ نہ لگانے کی پاداش میں   ۵؍ تا ۱۰؍ ہزار روپے بطور جرمانہ بھی ادا کر نا پڑ سکتا ہے ۔  ریاست مہاراشٹر میں نمبر پلیٹ لگانے کے عوض دیگر ریاستوں کے مقابلہ زائد فیس وصول کرنے کے خلاف داخل کردہ عرضداشت پر بامبے ہائی کورٹ نے فوری طور پر کسی بھی قسم کی راحت دینےسے انکار کر دیا ہے ۔
   ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ لگانے کے ضمن میں تاریخ میں توسیع سے جہاں دو ، تین اور چار پہیہ گاڑی مالکان کو راحت ملی ہے  وہیں اپریل ۲۰۱۹ء اور اس سے قبل رجسٹریشن کی جانے والی گاڑیوں کو مذکورہ نمبر پلیٹ نہ لگانے کی پاداش میں آر ٹی او کے سخت رویے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس ضمن میں ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بھیمنوار نے گاڑی مالکان کو متنبہ کرتے ہوئے تمام شہری اور ریاستی آر ٹی او کو حکم جاری کیا ہے کہ  ۲۰۱۹ء سے قبل جن گاڑیوں میں ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ نہیں لگائی گئی ہے ، ان کے لائسنس کی تجدید کو روک دیا جائے ساتھ ہی دیگر انشورنس کے عمل کو بھی موخر کیا جائے ۔‘‘ 
  رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع   کے باوجود ۳۰؍ نومبر تک رجسٹریشن نہ کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے یکم دسمبر سے کارروائی شروع کرنے کا آر ٹی اوکمشنر نے حکم   جاری کیا ہے ۔ آر ٹی او سے موصولہ اطلاع کے مطابق ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبر لگانے کیلئے چوتھی مرتبہ تاریخ میں توسیع کی گئی ہے ۔اس سے قبل اپریل ،جون اور پھر ۱۵؍ اگست تک توسیع کی گئی تھی ۔آر ٹی او ذرائع نے لازمی نمبر پلیٹ نہ لگائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے علاوہ ۵؍ تا ۱۰؍ ہزار جرمانہ وصول کرنے کی بھی اطلاع دی ہے ۔
 دریں اثناء ریاست مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ لگانے کیلئے سدرشن بگاڑے نامی شخص نے دیگر ریاستوں کے مقابلہ زیادہ فیس وصول کرنے پر بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی داخل کی تھی ۔ درخواست گزار نے دیگر ریاستوں کی طرح فیس کم کرنے کا فیصلہ ہونے تک اس پر روک لگانے کی اپیل کی تھی۔ تاہم  ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر ۴؍ مرتبہ تاریخ میں توسیع کے باوجود نمبر پلیٹ لگانے میں تساہلی کی جارہی ہے اور  زائد پیسے لئے جارہے ہیں تو شنوائی کے بعد اسے لوٹانے کا حکم دیا جاسکتا ہے ،فی الحال اس پر فوری فیصلہ لینا ضروری نہیں ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK