Inquilab Logo

میڈیا ۲۴؍ گھنٹے وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر کشی کر سکتا ہے لیکن حقیقی مسائل کی نہیں: راہل گاندھی

Updated: February 17, 2024, 4:05 PM IST | varansi

راہل گاندھی نے آج بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران وارانسی کے گڈولیہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ملک میں امیر اور غریب دو مختلف ہندوستان میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ۲۴؍ گھنٹے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر کشی کرسکتا ہے لیکن حقیقی مسائل کو اجاگر نہیں کرسکتا۔

Rahul Gandhi During Speech. Photo:INN
راہل گاندھی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

راہل گاندھی نے آج بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غریب اور امیر دو مختلف ہندوستان میں رہ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا آج اترپردیش کے وارانسی میں داخل ہوئی ہے۔ انہوں نے ریاستی کانگریسی صدر اجے رائے اور دیگر کانگریسی لیڈران کے ہمراہ وارانسی کے گڈولیہ علاقے اور کاشی وشوناتھ ٹیمپل کا دورہ کیا۔گڈولیہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان محبت والا ملک ہے نہ کہ نفرت والا۔ یہ ملک بھائیوں کے درمیان ہونےوالے تنازعے کے سبب کمزور ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بہار : سہسرام اور موہنیا میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کا پرتپاک استقبال

حب الوطنی ہی ہندوستان کو متحد کر سکتی ہے۔ میں یہاں موجود ہوں اور میرا سرگاندھی جی کے سامنے جھکا ہے۔ یاترا میں جتنے بھی لوگ موجود ہیں وہ یہی محسوس کرتے ہیں کہ وہ اپنے بھائیوں سے ملاقات کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان دو حصوں میں بٹا ہوا ہے۔ ایک امیروں کا اور دوسراغریبوں کا۔ انہوں نے میڈیا پر بھی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ میڈیا کو کسانوں اور ملازمین کے مسائل کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے لیکن وہ ایسا نہیں کرتا۔ میڈیا ۲۴؍ گھنٹے وزیر اعظم نریندر مودی جی اور ایشوریہ رائے کی تصویر کشی کر سکتا ہے لیکن کبھی حقیقی مسائل کو بے نقاب کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔ خطاب کے دوران راہل گاندھی نے مجمع سے راہل نام کے ایک لڑکے کو آواز دی اور اس سے سوال کیا کہ اس کی تعلیم پر کتنے روپے خرچ ہوتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری ملک کے دو سب سےاہم مسائل ہیں۔ 

وارانسی میں ’’اپنا دال پارٹی ‘‘ کی لیڈر پلوی پٹیل اور سماجودای پارٹی کے ایم ایل اے بھی یاترا میں شامل ہوئے تھے۔ایس پی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ وہ رائے بریلی سے یاترا میں شامل ہوں گے۔خیال رہے کہ یاترا اترپردیش کا سفر طے کرنے کے بعد راجستھان میں داخل ہو گی۔ یاترا کا آغاز منی پور سے ہواہے جو ۲۰؍ مارچ کوممبئی میں ختم ہو گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK