Inquilab Logo

بھارت جوڑو نیائے یاترا بنارس پہنچ گئی ، راہل نے کہا کہ’’ ملک میں خوف کا ماحول ہے‘‘

Updated: February 18, 2024, 10:09 AM IST | Agency | Varanasi

وزیر اعظم مودی کے پارلیمانی حلقے میں ملک کی معیشت ، تجارت اور سماجی حالت پر گفتگو کی، کہا کہ میں یہاں محبت کی دکان کھولنے آیا ہوں۔

Rahul Gandhi speaking during Yatra in Banaras. Photo: PTI
راہل گاندھی بنارس میں یاترا کے دوران خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر :پی ٹی آئی

راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو نیائے یاترا  یوپی  میں داخل ہونے کے بعد سنیچر کو۳۵؍ ویں دن تاریخی اہمیت کے حامل شہر بنارس پہنچ گئی۔ یہاں شہریوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ ’’ملک میں نفرت کا ماحول ہے لیکن یہ ملک نفرت کا ملک نہیں ہے۔ ہم کانگریس پارٹی کے لوگ ملک سے نفرت ختم کرنے کوشش کررہے ہیں۔ ہم بنارس میں بھی محبت کی دکان کھولیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ بنارس وزیر اعظم مودی کا پارلیمانی حلقہ ہے۔ راہل نے اس موقع پر اپنی سابقہ بھارت جوڑو یاترا کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ وہ یاترا جتنی کامیاب رہی یہ یاترا اس سے کہیں زیادہ کامیاب ہو گی۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی نے بنارس میں ۵؍گھنٹے کا روڈ شو کیا جو ۱۲؍ کلومیٹر طویل تھا ۔ اس دوران تقریباً پورا شہر ہی اس علاقے میں امڈ پڑا تھا ۔ ہر کوئی راہل گاندھی کی جھلک پانے کیلئے بے قرار نظر آیا۔ راہل نے بھی کسی کو مایوس نہیں کیا۔  
 راہل گاندھی جو یاترا کے دوران پیدل بھی چل رہے ہیں اور گاڑی پر بھی ہیں ، نے  پیدل یاترا کے دوران لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ لاکھوں لوگ پیدل یاترا میں میرے ساتھ چلے جبکہ اس یاترا میں بھی ہیں۔ یاترا میں اگر کوئی دھکا لگنے کے بعد گرتا تو ہجوم اسے اٹھا لیتا  ، کسان آئے، مزدور آئے، چھوٹے تاجر آئے، بے روزگار نوجوان آئے لیکن ان کے دلوں میں خوف تھا جسے ہم نے دور کیا۔جب چھوٹے تاجر مجھ سے ملتے تھے تو کہتے تھے کہ ہم ڈرتے ہیں کہ کل کیا ہوگا۔ ہم نے انہیں سمجھایا کہ ڈرنے سے کچھ نہیں ہو گا۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایک بھی چھوٹا اور درمیانی درجے کا بزنس مین ایسا نہیں ہے جسے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی سے فائدہ ہوا ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیکن  حکومت صرف بڑے صنعتکاروں کی حمایت کررہی ہے۔ امیر لوگ اسی شرح پر جی ایس ٹی کی ادائیگی کررہے ہیں جس شرح پر غریب کررہے ہیں ۔ یہ  بالکل بھی مناسب نہیں ہے۔ اسی لئے ہم نے اپنی یاترا کا نام `نیائے یاترا رکھا ہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ میں یہاں اَنا کے ساتھ نہیں آیا، میں سر جھکا کر گنگا ماتا کے پاس آیا ہوں۔  انہوں نے یہاں وشوناتھ مندر میں درشن بھی کئے۔ اس کے بعد ان کی یاترا بھدوہی کی طرف جائے گی لیکن وہ اچانک اپنے پارلیمانی حلقے  وائناڈ چلے گئے ہیں۔ واپسی پر یاترا دوبارہ شروع ہو گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK