Updated: October 31, 2026, 9:49 PM IST
| New Delhi
انسٹاگرام نے ۲۰۲۶ء کے ’رِنگز ایوارڈز‘کیلئے دنیا بھر سے ۲۵؍ ممتاز تخلیق کاروں کا انتخاب کیا ہے، جن میں دو ہندوستانی شخصیات بھویتا منداوا اور محمد رضوان بھی شامل ہیں۔ یہ ایوارڈ تخلیقی صلاحیتوں، منفرد انداز اور سوشل میڈیا کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں شناخت بنانے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے دیئے جاتے ہیں۔
بھویتا منداوا اور محمد رضوان۔ تصویر: ایکس
انسٹاگرام نے سال ۲۰۲۶ء کے اپنے سالانہ ’رِنگز ایوارڈز‘ کیلئے دنیا بھر سے ۲۵؍ کانٹینٹ کریئٹرز (Content Creators) کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جن میں دو ہندوستانی شخصیات، معروف ماڈل بھویتا منداوااور کیرالا کے فری اسٹائل فٹبالر محمد رضوان بھی شامل ہیں۔ میٹا کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ان تخلیق کاروں کو ان کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں، منفرد انداز، نئے تجربات اور روایتی طریقوں سے ہٹ کر کام کرنے کے اعتراف میں منتخب کیا ہے۔ انسٹاگرام نے اپنے اعلان میں کہا کہ دنیا بھر کے یہ ۲۵؍ تخلیق کار اپنی تخلیقی جرأت اور جدت کے ذریعے لوگوں کو متاثر کر رہے ہیں اور ادارہ آئندہ سال ان کی صلاحیتوں کو سراہنے کیلئے مختلف اقدامات کرے گا۔ یہ ایوارڈ اکتوبر ۲۰۲۵ء میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد صرف فالوورز کی تعداد کے بجائے تخلیقی کام، انفرادیت اور معاشرتی و ثقافتی اثرات کو اہمیت دینا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بحران زدہ چار ممالک میں۹۰؍ لاکھ افراد کو موسمِ سرما میں امداد کی ضرورت: یو این
بھویتا منداوا: آرکیٹیکچر کی طالبہ سے عالمی ماڈل تک کا سفر
آندھرا پردیش کے شہر وجئے واڑہ کے ایک متوسط تلگو خاندان میں پیدا ہونے والی بھویتا منداوا نے اپنی ابتدائی تعلیم کے بعد حیدرآباد کی جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی سے آرکیٹیکچر کی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں وہ اعلیٰ تعلیم کیلئے نیویارک منتقل ہوئیں، جہاں انہوں نے نیویارک یونیورسٹی (NYU) سے انٹیگریٹڈ ڈیزائن اینڈ میڈیا میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ ان کا فیشن کی دنیا میں داخلہ کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوا بلکہ نیویارک کے ایک سب وے اسٹیشن پر انتظار کے دوران ایک فیشن اسکاؤٹ کی نظر ان پر پڑی۔ اس اتفاقی ملاقات نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ معروف فیشن ڈیزائنر متھیو بلیزی نے انہیں دریافت کیا، جس کے بعد انہوں نے بوٹیگا وینیٹا (Bottega Veneta) کیلئے ماڈلنگ شروع کی۔ دسمبر ۲۰۲۵ء میں انہوں نےشینل (Chanel) کے میٹئیرز دآر (Métiers d’Art) شو کا افتتاح کرکے تاریخ رقم کی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی ماڈل بن گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیشن شو اسی نیویارک سب وے پلیٹ فارم پر منعقد ہوا جہاں سے ان کے ماڈلنگ کریئر کا آغاز ہوا تھا۔ اب وہ شینل کی ہاؤس ایمبیسڈر ہیں اور برٹش ووگ کے سرورق پر بھی جگہ بنا چکی ہیں۔ انسٹاگرام نے ان کی اس منفرد کامیابی اور فیشن کی دنیا کے پس پردہ مناظر کو اپنے مخصوص ڈیزائننگ انداز کے ساتھ پیش کرنے کی صلاحیت کو سراہا ہے۔
محمد رضوان: کیرالا کے فٹبالر کی ویڈیو نے دنیا بھر میں دھوم مچائی
محمد رضوان کا تعلق کیرالا کے ضلع ملاپورم کے علاقے اری کوڈ سے ہے۔ وہ فری اسٹائل فٹبال کے ماہر ہیں اور اپنی حیرت انگیز مہارت، گیند پر غیر معمولی کنٹرول اور منفرد کرتبوں کے ذریعے دنیا بھر میں مقبول ہوئے ہیں۔ بچپن سے ہی فٹبال ان کا پسندیدہ کھیل تھا اور ابتدا میں وہ روایتی فٹبال میں اپنا کریئر بنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے ضلعی سطح کے مقابلوں میں بھی حصہ لیا، لیکن نوعمری میں بازو کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث ان کے منصوبوں کو دھچکا لگا۔ اس کے باوجود انہوں نے فٹبال سے اپنا تعلق برقرار رکھا اور فری اسٹائل فٹبال کی جانب رخ کیا۔ انہوں نے انٹرنیٹ پر دستیاب ویڈیوز اور آن لائن ٹیوٹوریلز کی مدد سے خود ہی مختلف کرتب سیکھے اور رفتہ رفتہ اپنی الگ شناخت بنائی۔ نومبر ۲۰۲۳ء میں ملاپورم کے کیرالام کنڈو آبشار پر بنائی گئی ان کی ایک ویڈیو نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ اس ویڈیو میں وہ فٹبال کو آبشار کی جانب کک مارتے ہیں، جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گیند تیز بہتے پانی میں غائب ہوگئی ہے۔ دوستوں کے ساتھ تفریحاً بنائی گئی اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر ۶۰؍ کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا اور جنوری ۲۰۲۴ء میں اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی جگہ ملی۔ سال ۲۰۲۵ء میں ارجنٹائنا کی فٹبال ٹیم نے انہیں بیونس آئرس کے اسٹیڈیو مونومینٹل میں لیونل میسی کا ہوم میچ دیکھنےکیلئے مدعو کیا تھا۔ انسٹاگرام نے ان کی غیر معمولی مہارت اور بغیر کسی ایجنٹ یا روایتی ذرائع کے بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کی صلاحیت کو سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فرانس: سنیچرکے احتجاج سے قبل تشدد کے خدشے کے پیش نظر۷۰؍ ہزار پولیس اہلکار تعینات
دیگر عالمی فاتحین اور جیوری میں نامور شخصیات
اس سال کے ۲۵؍ فاتحین میں ناروے کے معروف فٹبالر ایرلنگ ہالینڈ، امریکی فٹ ویئر ڈیزائنر صالحے بیمبری، مصری نژاد امریکی کامیڈین کریم رحمہ، فوٹوگرافر رینیل میڈرانو، تخلیقی حکمت عملی کی ماہر اسکائیلر مارشائی، مصنف و اداکار جارڈن فرسٹ مین، برطانوی میک اپ آرٹسٹ سام ویزر، کامیڈین پوجا ترپاٹھی اور برطانوی ادبی برادری ’انڈر دی کور‘ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی ملٹی میڈیا آرٹسٹ ایم ایل ایم اے، نائجیریائی میک اپ آرٹسٹ نگوزی ایستھر ایڈیمے، اطالوی-برازیلی فیشن کریئیٹر وکی مونٹاناری، میوزک گروپ لاطین مافیا، کوریوگرافر جاسمین بیڈی، ماحولیاتی ماہر الیکسس نکول نیلسن، کوریوگرافر ڈیمین جالیٹ، گلوکارہ جوائس ایلین، فلم ڈائریکٹر میڈیٹ شایخمیٹوف اور شمالی لندن کی ریپر لٹل سمز بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ان ایوارڈز کے انتخاب کے لیے بنائی گئی جیوری میں فیشن ڈیزائنر ڈوناٹیلا ورساسی، امریکی ریپر اے ایس اے پی راکی، اداکارہ و موسیقار ایمیلی ایڈمز، موسیقار فنیس، فلم ساز کلوئی ژاؤ، اسکیئر میکائلا شفرین، انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری، فیشن ماہر ایوا چن، معروف شیف وکاس کھنہ سمیت فن، ثقافت، کھیل، موسیقی، فلم اور ادب سے وابستہ کئی اہم شخصیات شامل تھیں۔ اس فہرست میں دو ہندوستانیوں کی شمولیت سے عالمی سطح پر ہندوستانی تخلیقی صلاحیتوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ابھرنے والے نئے ٹیلنٹ کو بھی نمایاں شناخت ملی ہے۔