Updated: October 31, 2026, 2:09 PM IST
| New York
شدید سردی کے پیشِ نظر افغانستان، یوکرین، شام اور لبنان میں ۹۰؍ لاکھ افراد کو اضافی انسانی امداد کی ضرورت ہے، مگر مالی مشکلات کے باعث امدادی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ یو این ایچ سی آر نے متاثرہ خاندانوں کو سردی سے بچانے کیلئے ۵؍ کروڑ ڈالر جمع کرنے کی عالمی مہم شروع کردی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے جمعہ کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان، یوکرین، شام اور لبنان میں تقریباً۹۰؍ لاکھ افراد کو اس موسمِ سرما میں اضافی امداد کی ضرورت ہوگی۔ ادارے نے شدید سردی سے متاثرہ خاندانوں کی مددکیلئے۵؍ کروڑ ڈالر جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ یو این ایچ سی آر کی ڈائریکٹر برائے خارجی تعلقات ڈومینک ہائیڈ نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمِ سرما تیزی سے قریب آرہا ہے اور توقع ہے کہ افغانستان، یوکرین، شام اور لبنان میں ۹۰؍ لاکھ افراد کو اضافی امداد کی ضرورت پڑے گی۔
یہ بھی پڑھئے: فرانس: سنیچرکے احتجاج سے قبل تشدد کے خدشے کے پیش نظر۷۰؍ ہزار پولیس اہلکار تعینات
ہائیڈ نے بتایا کہ اس مہم کے تحت عام افراد اور نجی شعبے سے مالی تعاون کی اپیل کی جارہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو گرم رکھنے کے آلات، کمبل، گرم کپڑے، ایندھن کی امداد اور تباہ شدہ مکانات کی مرمت کیلئے ضروری سامان فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تیل، نقل و حمل اور غذائی اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بے گھر ہونے والے افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے ہر شخص متاثر ہورہا ہے اور روزمرہ زندگی کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں، تاہم اس کے اثرات پناہ گزینوں پر زیادہ شدید ہیں۔ یوکرین میں ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافے کے باعث شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور روزانہ بجلی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی وسط مدتی انتخابات: ٹرمپ اور ہیرس کی انتخابی مہم کے دوران سروے کیا بتا رہے ہیں؟
رواں سال ملک میں تقریباً ایک کروڑ۸؍ لاکھ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت پڑنے کا امکان ہے۔ ہائیڈ نے بتایا کہ ۱۳۵؍ڈالر کے عطیے سے ایک خاندان کو موسمِ سرما سے بچاؤ کا سامان فراہم کیا جاسکتا ہے، جس میں ہیٹر اور کھڑکیوں کو محفوظ بنانے اور ان کی مرمت کیلئے ضروری مواد شامل ہوگا۔ افغانستان میں ستمبر ۲۰۲۳ءسے اب تک اندازاً۶۵؍ لاکھ افراد واپس آچکے ہیں۔ ہائیڈ کے مطابق۳۵؍ ڈالر کی امداد سے ایک خاندان کیلئے روایتی طرز کا حرارتی آلہ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب دسمبر۲۰۲۴ء سے اب تک تقریباً۱۷؍ لاکھ پناہ گزین اور لگ بھگ۱۹؍ لاکھ اندرونِ ملک بے گھر افراد شام واپس لوٹ چکے ہیں۔ ہائیڈ نے کہا کہ شام کے ترجیحی علاقوں میں تقریباً۲۴؍ لاکھ افراد کو رواں سال موسمِ سرما کے دوران امداد کی ضرورت ہوگی، تاہم ادارے کو خدشہ ہے کہ وہ ان میں سے بہت کم افراد تک مدد پہنچا سکے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عین اس وقت جب امداد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، ادارے کی مدد فراہم کرنے کی صلاحیت مالی مشکلات کے باعث محدود ہوتی جارہی ہے۔