بھائندر میں واقع پنڈت بھیم سین جوشی گورنمنٹ اسپتال میں صاف صفائی اور مریضوں کی حفاظت سے متعلق ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ مذکورہ اسپتال کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج۸۹؍ سالہ خاتون کو مبینہ طور پر چوہے نے کاٹ لیا جس پر کافی ناراضگی پائی جارہی ہے۔
اسپتال کی فائل فوٹو۔ تصویر:آئی این این
بھائندر میں واقع پنڈت بھیم سین جوشی گورنمنٹ اسپتال میں صاف صفائی اور مریضوں کی حفاظت سے متعلق ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ مذکورہ اسپتال کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج۸۹؍ سالہ خاتون کو مبینہ طور پر چوہے نے کاٹ لیا جس پر کافی ناراضگی پائی جارہی ہے۔
متاثرہ مریضہ کی شناخت سہاسنی دامودر ماتھے کر کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں صحت کی پیچیدگیوں کے باعث ۱۲؍ مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ حالت تشویشناک ہونے کے سبب انہیں بعد میں اسپتال کی چوتھی منزل پر قائم آئی سی یو میں منتقل کر کے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب ایک چوہے نے آئی سی یو میں مریضہ کے ہاتھ پر کاٹ لیا۔ صبح تقریباً ۶؍ بجے جب اہل خانہ ملاقات کیلئے پہنچے تو انہوں نے خاتون کے ہاتھ پر زخم دیکھے اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے بستر کے قریب سے ایک چوہے کو بھاگتے ہوئے بھی دیکھا۔ خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کو اس واقعے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔ اس صورتحال پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مریضہ کے ایک رشتہ دار نے کہا کہ ان کی دادی پہلے ہی وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں اور اگر آئی سی یو جیسے حساس مقام پر چوہے گھوم رہے ہیں تو یہ اسپتال کی صاف صفائی اور نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا رات کے وقت مریضوں کی نگرانی کیلئے کوئی موجود نہیں تھا۔ اس واقعے کے بعد شہریوں میں بھی شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
آر پی ایف کانسٹبل چیتن سنگھ کے برتائو کی رپورٹ طلب
جے پور - ممبئی ایکسپریس ٹرین میں اپنے سینئر افسر سمیت چند مسلمان مسافروں کو گولی مار نے کے ملزم چیتن سنگھ چترویدی نے ذہنی بیماری کی بنیاد پر ضمانت پر رہائی مانگی ہے جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے اس کے برتاؤ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ سیشن جج پروین وی چتُر نے گزشتہ سماعت کے دوران کہا کہ ملزم نے ضمانت کی جو عرضی داخل کی ہے، وہ بنیادی طور پر ذہنی مرض کو وجہ بتا کر دی گئی ہے۔ جج نے مزید کہا کہ اس لئے جیل انتظامیہ جیل میں اس کے برتائو کے تعلق سے آئندہ سماعت کی تاریخ سے قبل عدالت میں اپنی رپورٹ داخل کرے۔ اس کے ساتھ ہی جج نے اپنے اس حکم کی کاپی بذریعہ ای میل جیل انتظامیہ کو بھیجنے کی ہدایت دیتے ہوئے شنوائی کو ۲۵؍ مارچ تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔یاد رہے کہ ۳۱؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو صبح کے وقت چیتن سنگھ نے چلتی ٹرین میں اپنے سینئر افسر اے ایس آئی ٹیکارام مینا اور مسافروں عبدالقادر بھانپور والا، اصغر شیخ اور سید سیف الدین کو گولی ماردی تھی۔