میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے تحت ’ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نگر‘ کے داخلی دروازے پر لگی نام کی تختی کو میئر اور مقامی رکن اسمبلی کے بینر سے ڈھانپنے کے معاملے نے طول پکڑ لیا ہے۔
ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکنان میونسپل کارپوریشن کے صدردفتر میں دھرنا دیتے ہوئے-تصویر:آئی این این
میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے تحت ’ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نگر‘ کے داخلی دروازے پر لگی نام کی تختی کو میئر اور مقامی رکن اسمبلی کے بینر سے ڈھانپنے کے معاملے نے طول پکڑ لیا ہے۔ اس واقعے کے خلاف ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکنان نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں دھرنا دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک خاطیوں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوتی، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نگر کے مین گیٹ پر میئر ڈمپل مہتا اور رکن اسمبلی نریندر مہتا کی تصاویر والا ایک بڑا بینر اس طرح لگایا گیا تھا جس سے بابا صاحب کے نام کی تختی مکمل طور پر چھپ گئی۔ اس حرکت کو مقامی عوام نے عظیم شخصیت کی توہین قرار دیا ۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے لیڈر امیش رمیش شندے نے کہا کہ’’یہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس سے امبیڈکر کے عقیدتمندوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ‘‘ مظاہرین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ بینر غیر قانونی ہے، لہٰذا مہاراشٹر ڈیفیسمنٹ ایکٹ‘ کے تحت متعلقہ افراد اور ادارے کے خلاف فوری کیس درج کیا جائے۔انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مظاہرین کو سمجھانے اور احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی گئی لیکن کارکنان اپنے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ امیش شندے نے دوٹوک لہجے میں کہا کہ ’’ہم انتظامیہ کی زبانی یقین دہانیوں پر اب بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ جب تک ایف آئی آر کی تحریری کاپی ہمارے ہاتھ میں نہیں آتی، ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔‘‘
اس معاملے میں جب میڈیا کے نمائندوں نے میئر ڈمپل مہتا سے ان کا موقف جاننا چاہا تو انہوں نے کہاکہ پہلی بات تو مجھے یہ معلوم ہی نہیں کہ بابا صاحب امبیڈکر نگرکے گیٹ پر اس طرح کا بینر کس نے لگایا اور کس ادارے نے لگایاہے۔ مجھے پہلے اس کی معلومات لینی پڑے گی ۔میری طرف سے ایسا کوئی بینر نہیں لگایا گیاہے۔ انہیں پہلے یہ دیکھنا چاہئے کہ بینر کس نے اور کس جذبے سے لگایا۔ ہم تو بابا صاحب امبیڈکر کے ماننے والے لوگ ہیں۔ ان کی عزت ہمارے لئے سب سے پہلے ہے۔