Inquilab Logo

بھیونڈی:خستہ حال خالی عمارتمکان پر گری، ۶؍افراد زخمی

Updated: July 20, 2022, 12:46 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

یہاں ایک خستہ حال عمارت منہدم ہوکر ایک دیگر مکان پر گر گئی جس کی وجہ سے ۶؍افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے

After the building collapsed on the house, local people are searching for essential items from the debris.
مکان پر عمارت گرنے کے بعد مقامی افراد ملبہ سے ضروری چیزیںتلاش کرتے ہوئے۔

یہاں ایک خستہ حال عمارت منہدم ہوکر ایک دیگر مکان پر گر گئی جس کی وجہ سے  ۶؍افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جسے علاج کیلئے  نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔بقیہ زخمیوں کو علاج  کیلئے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال داخل کیا گیاتھا  جہاں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ۔  
 عمارت گرنے کی زوردار آواز سن کرمقامی افراد فوراًجائے حادثہ پر پہنچ کر سخت محنت کرکے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہوگئے۔ فائر بریگیڈ،پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے افسران،محکمہ صحت کا عملہ بھی حادثے کی اطلاع کے بعد پہنچ کر مقامی افراد کے ساتھ راحت رسانی میں لگ گیا۔
 مقامی افراد کے مطابق پانجرہ پول میں نشان ہوٹل کے پاس ’مبین ماسٹر بلڈنگ‘نامی ایک منزلہ خستہ عمارت ہے۔اسے تقریباً۵؍سال قبل ہی کارپوریشن نے مخدوش عما قرار  دےکر اس کی بجلی اور پانی سپلائی منقطع کرکے عمارت کو خالی کروالیا  تھا۔تاہم کسی سبب عمارت کو گرایا نہیں گیا۔مذکورہ عمارت منگل کی صبح تقریبا۷ ؍بجے اچانک منہدم ہو گئی۔عمارت کا ملبہ  قریب کے مکان پر گرنے کے سبب اس میں رہائش پذیر ۶؍افراد ملبے میں دب گئے۔عمارت گرنے کا شور سن کر مقامی افراد دوڑ کر جائے حادثہ پر پہنچے اور ملبے کو ہٹانے اور راحت رسانی میں لگ گئے۔اس درمیان فائر بریگیڈ اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ بھی پہنچ گیا۔ مقامی افراد نے راحت رسانی کرکے محمد نظام الدین شیخ (۲۰)، سرتاج محمد شیخ(۲۶)،محمد شکیل شیخ (۲۵)، محمد منصور شیخ(۳۰)،محمد جہانگیر شیخ (۳۲) اور محمد ذاکر (۲۶)کو ملبے سے بحفاظت باہر نکال لیا۔ان میں محمد جہانگیر کو پیٹھ اور پیٹ میں زخم آنے سے ان کی  حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انہیں علاج کیلئے سراج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بقیہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعدگھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK