Inquilab Logo

بھیونڈی:ناقص اشیاء سے بنائی گئی سڑک کو میونسپل کارپوریشن نے اکھاڑ دیا

Updated: May 21, 2020, 9:55 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ایک بیدار شہری نے سڑک کی تعمیر میںناقص اشیاء استعمال کئے جانے کا ویڈیو وائرل کردیا تھا،اس پر کارروائی کرتے ہوئے جے سی بی سے اکھاڑا گیا

Bhiwandi Road - Pic : Inquilab
ناقص اشیاء سے تعمیر کی گئی سڑک توڑی جاری ہے ۔ تصویر : انقلاب

یہاں ناقص تعمیراتی اشیاء سے سڑک کی تعمیر کا معاملہ اس وقت طشت از بام ہوگیا جب ایک شہری نے گھٹیا درجے کی اشیاء سےتعمیر کی جانے والی سڑک کی تعمیر کو روک دیا اور اس کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی میونسپل کارپوریشن نے ٹھیکیدار کے ذریعہ بنائی گئی ناقص سڑک کوجے سی بی کے مدد اُکھاڑدیا۔سماجی کارکنان نے شہریوں میں اس قسم کی بیداری کا استقبال کرتے ہوئے سوال کیا کہ اس قسم کی بیداری مسلم محلوں میں کب آئے گی؟
 تفصیلات کے مطابق تیسرے لاک ڈاؤن کے بعد حکومت نے لاک ڈاؤن کے سبب ادھورے تعمیراتی کاموں کو برسات سے قبل مکمل کرنے کی مشروط اجازت دی تھی۔ جس کے تحت دھامنکر ناکہ کالج روڈ کی سڑک کے ادھورے پڑے کام کو ٹھیکیدار کمپنی کی جانب سے مکمل کیا جا رہا تھا۔تاہم سڑک کی تعمیر میں ٹھیکیدار کی جانب سے ناقص تعمیراتی اشیاء استعمال کیا جارہی تھیں۔پیر کی شام کو یہاں سے گزر رہے بیدار شہری ایڈوکیٹ بھاگوت واگھمارے کی نظر پڑی اورانہوں نے اس کا ویڈیو بنا کروائرل کر دیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد منگل کومشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ،سٹی انجینئرایل پی گائکواڑ اور مقامی کارپوریٹر نےگھٹیا درجے کی سڑک بنانے پر ٹھیکیدار کمپنی کو سخت تنقیدو ملامت کا نشانہ بنایا۔سٹی انجینئر لکشمن گائیکواڑکے حکم پر گھٹیا درجے کی تعمیراتی اشیاء سے بنائی گئی سڑک کو جے سی بی کے ذریعہ اُکھاڑ دیا گیا۔
 شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کے کام کاج پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی کے ساتھ ہی اُس میونسپل انجینئر کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے جو اس سڑک کی تعمیرکی نگرانی کررہا تھا۔بیشتر شہریوں نے اس طرح کی بیداری مسلم محلوں میں ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر محلے میں سماجی سیاسی افراد کارپوریٹر پر بھروسہ کرنے کے بجائے اپنے علاقے کی سڑکوں اور گٹروں کی تعمیر کی خود نگرانی کریں۔درگاہ روڈپر رہائش پذیر ایک شہری نے بتایا کہ جیسے ہی وارڈ میں سڑک کی تعمیر شروع ہوتی ہے کارپوریٹر اور اس کے رفقاء  وہاں کھڑے ہوکر تصویریں کھینچواکر سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہیں کسی کو بھی یہ توفیق نہیں ہوتی کہ وہ ان اشیاء کی کوالیٹی بھی چیک کرے،یاپھر کسی ’وزن‘ کے سبب وہ چاہ کر بھی ایسا نہیں کرپاتے ہیں۔
 رکن اسمبلی رئیس شیخ نے انقلاب سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  بدعنوانی کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی انجینئر سے مل کر ٹھیکیدار کمپنی کو فوری طور پر نوٹس جاری کرکے اسے بلیک لسٹ کرنے کو کہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK