Inquilab Logo

بھیونڈی: بھنگار کے گودام میں بھیانک آتشزدگی، دیگر۴؍گودام بھی جل گئے،لاکھوں کا مالی نقصان

Updated: March 20, 2024, 11:22 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

آگ کی لپٹیں اتنی بھیانک تھیں کہ اسکی زد میں آکر۲؍پان اسٹال ،چائے کی ٹپری،ایک کنٹینر، چھوٹی بولیرو ٹیمپو اور ۲؍ موٹر سائیکلیں بھی خاک ہوگئیں

The affected warehouse can be seen engulfed in flames
متاثرہ گودام آگ میں گھرا ہوا دیکھا جاسکتا ہے

 شہر سے متصل گودام کے علاقے دپوڈا میں واقع ایک بھنگار کے گودام میں منگل کی نصف شب بھیانک آتشزدگی سے لاکھوں روپے کی املاک خاکستر ہوگئیں۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ چند ہی لمحوں میں اس نے پڑوس کے۳؍ گودام، پان کی ۲؍ اور چائے کی ایک ٹپری کے ساتھ ہی سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو اپنی زد میں لے لیا۔اس بھیانک آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کے جوانوں نے ۶؍ گھنٹوں تک  مشقت کی ۔
 اطلاع کے مطابق منگل کو نصف شب تقریباً سوا بارہ بجے ول گرام پنچایت حدود میں واقع داپوڑہ میں شاہراہ  پر واقع ایک بھنگار کے گودام میں آگ لگ گئی۔گودام میں دھاگے سے بنی اشیاء، پلائی ووڈ ،و پاور لوم سے نکلنے والا لوچن، نلی، کارٹون و دوسری چیزوں سے بھرا ہونے کے سبب آگ تیزی سے پھیل کر پڑوس کے گودام تک پہنچ گئی۔یہ گودام بھی بھنگار سے بھرا ہوا تھا۔جس کے سبب آگ نے ان گوداموں کو بھی تیزی سے اپنی لپیٹ میںلے لیا۔تند شعلوں کی لپٹوں سے گودام کے قریب ایک چائے کی دکان اور ۲؍ پان ٹپریاں بھی جل گئیں۔آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سڑک پر کھڑی ایک کنٹینر، ایک چھوٹی بولیرو ٹیمپو اور ۲؍موٹر سائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں  اور آگ کو بجھانے میں گھنٹوں مصروف رہیں۔تاہم علاقے میں پانی کی قلت کے سبب جوانوں کو آگ پر قابو پانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایاگیا کہ فائر بریگیڈ عملہ صبح ۶؍بجے آگ کو قابو میں کرسکا۔ آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔اس حادثے  میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیںہے ، لیکن لاکھوں روپے مالیت کی املاک جل کر خاکستر ہوگئی ہیں۔ نارپولی پولیس نے آتشزدگی کا کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔آگ شدید ہونے کی وجہ سے پولیس نے حفاظت کے پیش نظر اس شاہراہ پر صبح۶؍ بجے تک گاڑیوں کے نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی تھی۔جس کی وجہ سے شاہراہ پر زبردست ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK