Inquilab Logo

بھیونڈی: صارفین کو بجلی کمپنی کا جھٹکا،ایک روپے۷؍پیسے فی یونٹ تک کا اضافہ

Updated: April 23, 2024, 11:46 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

ایم ایس ای ڈی سی ایل نے بجلی کا نرخ بڑھا دیا ، بی پی ایل کے زمرے میں آنے والے بجلی صارفین کو فی یونٹ ۵؍پیسے زائد ادا کرنے ہوں گے۔

Consumers will now have to pay higher electricity bills. Photo: INN
صارفین کو اب زیادہ بجلی کا بل ادا کرنا ہوگا۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹراسٹیٹ الیکٹری سٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ (ایم ایس ای ڈی سی ایل) نے کساد بازاری و مندی سے پریشان بنکروں اور کمر توڑمہنگائی سے پریشان عام بجلی صارفین کوبجلی کا  زوردار جھٹکادیا ہے۔ ماہ اپریل سے بجلی صارفین کو ۵؍پیسے  لے کر ایک روپے ۷؍پیسے فی یونیٹ تک زائد بجلی بل ادا کرنے ہوںگے۔حیرت کی بات یہ ہے کہ اس مرتبہ بی پی ایل کے زمرے میں آنے والے بجلی صارفین کے بجلی بلوں میں بھی ۵؍ پیسوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ شہریوں نے بجلی کی قیمتوں پر اضافے پر شدید برہمی کااظہار کیا ہے۔ لوک سبھا الیکشن  کے دوران بجلی سپلائی کرنے والی فرنچائزی کمپنی  کے تعلق سے اپوزیشن حکومت پر حملہ آ ور ہے۔ اس دوران بجلی بل میں کیا گیا یہ بھاری بھرکم اضافہ حکمراں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو دشواری میں ڈال سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایک مسلمان کسی ماں بہن کا منگل سوتر کبھی نہیں چھینے گا: فاروق عبداللہ

ایم ایس ای ڈی سی ایل کی جانب سے جاری بجلی کے نئے نرخ کے مطابق بجلی صارفین پراپریل ۲۰۲۴ء کے بلنگ مہینے سے بجلی کے نرخوں میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت رہائشی زمرے کے صارفین (بی پی ایل) سے پہلے ایک روپے ۵۱؍پیسے چارج کئے جاتے تھے جو بڑھ کر اب ایک روپے ۵۶؍پیسے ہوگیا ہے۔اسی طرح رہاشی زمرے کے ایسے عام بجلی صارفین جو صفر سے   ۱۰۰؍یونیٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں انہیں اب ۳۰؍پیسے ،۱۰۱؍ یونیٹ سے ۳۰۰؍یونیٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو۶۵؍ پیسے،۳۰۱؍ یونیٹ سے ۵۰۰؍ یونیٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ۹۴؍ پیسے اور ۵۰۰؍ یونیٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو اب ایک روپے ۷؍ پیسے فی یونیٹ زائد بجلی بل ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی کمرشل اور پاورلوم بجلی کے نرخوں میں بھی ۳؍سے ۵؍فیصد کااضافہ کیا گیا ہے۔ ٹورینٹ پاور کمپنی کے مطابق بجلی کا یہ نرخ پورے مہاراشٹر میں نافذ کیا گیا ہے۔
 انتخاب میں ٹورینٹ پاور کمپنی سب سے بڑا مدعا
  لوک سبھا انتخابات کے دوران بھیونڈی لوک سبھا حلقہ میں سب سے زیادہ زیر بحث مسئلہ بھیونڈی میں فرنچائزی طرز پربجلی سپلائی کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی  انتظامیہ کی من مانی، بجلی صارفین کے خلاف بجلی چوری کے فرضی کیس درج کرنا اور بجلی کی شرحوں میں اضافہ ہے۔ اس کی وجہ سے شہری لوک سبھا الیکشن لڑنے والے ممکنہ امیدواروں سے ٹورینٹ پاور کمپنی کو ہٹانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا ریاستی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کرکے بھیونڈی  کے شہریوں کو زبردست  جھٹکا دیا ہے۔ اس کے سبب انتخابات میں رکن پارلیمان کپل پاٹل اور حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے لیڈروں کو  عوام کے سامنے جواب دینا مشکل ہوجائے گا۔ اب دیکھنا  یہ ہے حزب اختلاف اس مسئلہ کو اپنے حق میں کس طرح ہموار کرتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK