Inquilab Logo

بھیونڈی حلقہ میں ۲۶؍اپریل سے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہوگا

Updated: April 23, 2024, 11:50 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بھیونڈی پارلیمانی حلقہ کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۳؍مئی جبکہ۶؍مئی تک نامزدگی واپس لی جا سکتی ہے۔

Bhiwandi Parliamentary Constituency Election Officer Sanjay Jadhav. Photo: INN
بھیونڈی پارلیمانی حلقہ کے الیکشن آفیسر سنجے جادھو۔ تصویر : آئی این این

یہاں الیکشن آفیسر نے بھیونڈی پارلیمانی حلقہ میں انتخابی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات فرہم کی ہیں۔ان کے مطابق بھیونڈی لوک سبھا حلقہ کے لئے ۲۶؍ اپریل کو الیکشن نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔الیکشن آفیسرنے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل حق رائے دہی کا استعمال کریںگے۔
پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۳؍مئی
 بھیونڈی پارلیمانی حلقہ(۲۳) کے الیکشن آفیسر سنجے جادھو نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل ۲۶؍اپریل سے شروع ہو جائے گا۔پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۳؍ مئی تک ہے۔امیدوار صبح ۱۱؍بجے سے دوپہر۳؍بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔۴؍ مئی کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ۶؍ مئی ہے۔ بھیونڈی پارلیمانی حلقہ میں۲۰؍ مئی کو انتخابات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی۴؍ جون کو بھیونڈی تعلقہ کے سواد کے ایک بڑے گودام میں ہوگی۔وہیں پرای وی ایم مشینوں کو رکھنے کیلئے اسٹرانگ روم بھی بنایا جائے گا۔
۱۰۰؍میٹر کے دائرے میں صرف۳؍گاڑیاں لانے کی اجازت
 کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت امیدوار کو  صرف ۴؍ افراد  کے ساتھ الیکشن افسر کے کمرے میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت زیادہ سے زیادہ ۳؍ گاڑیاں انتخابی دفتر کے ۱۰۰؍ میٹر کے اندر لانے کی اجازت ہے۔ الیکشن آفیسرسنجے جادھو نے سیاسی پارٹیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اصول و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے سبھی پارٹیوں اور ان کے نمائندوں کو اس کام میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایک مرتبہ پھر اسکول بس فیس میں اضافے کااعلان

فلائنگ اسکواڈ کی ۵۴؍ٹیموں کی تشکیل
 سنجے جادھو نے بتایا کہ سختی کے ساتھ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے بھیونڈی پارلیمانی حلقہ میں۵۴؍ فلائنگ اسکواڈ کی تشکیل دی گئی ہیں۔ہر اسمبلی حلقے میں ۹؍افسران پر مشتمل یہ ٹیم ۲۴؍گھنٹے متحرک رہے گی جو ضابطۂ   اخلاق  سے متعلق کسی بھی طرح کی شکایات موصول ہونے پر فوری کارروائی کرے گی۔
۲؍ہزار۱۸۹؍ پولنگ اسٹیشن
 بھیونڈی پارلیمانی حلقہ میں ۲؍ہزار۱۸۹؍ پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ ان میں سے مرباڈ اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ ۵۱۱؍ پولنگ اسٹیشن ہوںگے۔الیکشن سے متعلق شکایات درج کرانے، امیدواروں کی جائیداد اور مجرمانہ پس منظر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے، پولنگ اسٹیشن اور پہلی بار امیدوار ہونے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے مختلف ایپ تیار کئے گئے ہیں۔
۱۰۰؍منٹ میں شکایات کاازالہ
  الیکشن آفیسر سنجے جادھو کے مطابق شکایت کے بارے میں ایپ پر آن لائن شکایت درج کرنے کے اگلے ۱۰۰؍ منٹ میں  اسے حل کیا جائے گا۔الیکشن کے دوران مختلف شکایات سے نمٹنے کے لئے چیف الیکشن آفس میں کنٹرول روم شروع کر دیا گیا جس کاٹول فری نمبر۱۸۰۰۲۳۳۱۱۱۴؍ہے۔اس پر۲۴؍گھنٹے کبھی بھی شکایات کی جاسکتی ہے۔
رائے دہندگان گھروں سے نکل کر ووٹ کریں
  الیکشن آفیسرسنجے جادھونے ضابطہ اخلاق کو سختی سے نافذ کرکے شفافیت کے ساتھ انتخابی عمل مکمل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے  کہا کہ گزشتہ پارلیمانی انتخاب میں بھیونڈی پارلیمانی حلقہ میں  دیگر حلقوں کے مقابلے ووٹنگ فیصد کافی کم تھا۔اسے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر ووٹ دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK