Inquilab Logo

بھیونڈی: لوک سبھا انتخابات کیلئے تشہیری مہم سے کانگریسی لیڈران کی دوری!

Updated: April 23, 2024, 8:47 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

این سی پی لیڈران کانگریسیوں کو منانے کیلئےکوشاں، جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ کانگریس اور این سی پی بھائی بھائی ہیں۔

NCP leader Jitendra Ohar addressing the election rally. Photo: INN
این سی پی لیڈر جتیندر اوہاڑ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

یہاں انڈیا اتحاد کے امیدوار سریش مہاترے عرف بالیاماما کی انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ تاہم اس انتخابی مہم سے کانگریسی لیڈران و کارکنان نے ابھی تک دوری بنا کر رکھی ہےجس کے سبب انڈیا اتحاد کے انتخابی تشہیری مہم میں اتحادی سیاسی جماعتوںکے بینر پوسٹر ندارد ہیں۔  اس کے سبب این سی پی لیڈران فکرمند نظر آرہے ہیں۔
 اس تعلق سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ کانگریسی لیڈران اب بھی ناراض ہیں۔ ان کی ناراضگی دور کرنے میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کانگریسیوں کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور این سی پی کے درمیان بھائی بھائی کا رشتہ ہے۔ انہیں پیار سے سمجھا کر قریب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جتیندر اوہاڑ بھیونڈی میں منعقدہ ایک انتخابی اجلاس کے بعدمیڈیا کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔اس موقع پران کے ساتھ انڈیا اتحاد کے امیدوار سریش مہاترے سمیت بڑی تعداد میں این سی پی لیڈران موجود تھے۔
 جتیندر اوہاڑنے کہا کہ وہ ایک ایسے گٹھ بندھن میں ہیں جو ہاتھ ملا کر چل رہے ہیں۔جب اتحاد کا اعلان ہوا تو سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کا ہاتھ ان کے لیڈر شرد پوار نے تھاما تھا۔ ان کے ایک طرف آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو تھے اور دوسری طرف دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال تھے۔ تمام سینئر لیڈروں نے ایک مقصد کے تحت یہ اتحاد کیا ہے۔
 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے کے لوک سبھا انتخابات اور آج کے لوک سبھا انتخابات میں بہت فرق ہے۔ اس وقت ووٹر کافی باشعور ہو چکے ہیں۔رائے دہندگان جانتے ہیں کہ اس وقت ملک میں کیا ہو رہا ہے، کیا ہونے والا ہے اور ملک کے حالات کیسے ہیں۔ ووٹر سب کچھ جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں، دلت محفوظ نہیں ہیں۔ اس وقت ملک کی جمہوریت بھی خطرے میں ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیاست ملک میں پہلے کبھی نہیں ہوئی۔جیسے ہی انڈیا اتحاد نے بھیونڈی لوک سبھا حلقہ سے سریش مہاترے کے نام کا اعلان کیا، ایم ایم آر ڈی اے کے اہلکاروں نے ان کے گودام پر کارروائی کرنے پہنچ گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK