Inquilab Logo

بھیونڈی:عام آدمی پارٹی کا میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

Updated: May 08, 2023, 12:51 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

دہلی کی طرز پر میونسپل اسکولوں کی کایاپلٹ، محلہ کلینک اور سی سی ٹی وی کیمر جیسی سہولیات دینے کا وعدہ

Aam Aadmi Party local president Masih Iqbal addressing the press conference.
عام آدمی پارٹی کے مقامی صدر مسیح اقبال پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔

یہاں عام آدمی پارٹی(آپ) نے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں سبھی وارڈوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔’آپ‘ نے دہلی کی طرز پر صنعتی شہر میں بھی شہری سہولیات مہیاکرانے کا وعدہ کرتے ہوئے’ دہلی بدلی، پنجاب بدلا اب بدلے گی بھیونڈی شہر‘ کا نعرہ بلند کیا  ۔آپ کے الیکشن میں حصہ لینے کے اعلان نے شہر میں سیاسی ہلچل پیدا کردی ہے۔ 
 واضح رہےکہ بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی میعاد ۸؍جون ۲۰۲۲ء کو ختم ہوگئی ہےجس کے بعد میونسپل کارپوریشن پرانتظامیہ راج نافذ ہوگیا ہے۔جس کی رو سے نئے انتخابات تک کارپوریٹروں کے اختیارات ختم کرکے میونسپل افسران کو منتقل کردیئے گئے ہیں۔تقریباً  ایک سال مکمل ہونے کو ہے لیکن انتخابات کے متعلق ابھی تک کچھ بھی واضح نہیں ہے۔تاہم سیاسی لیڈران اور کارپوریٹر اپنے نفع نقصان کو دیکھتے ہوئے وفاداریاں تبدیل کررہے ہیں۔
    عام آدمی پارٹی نے ایک پریس کانفرنس کر کےمقامی   انتخاب میں پوری طاقت اور منصوبہ بندی سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔آپ کے مقامی صدر مسیح اقبال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کارپوریشن میں ایک صاف ستھری حکومت بنانے کا دعویٰ کیا۔ انہوں  نے کہا کہ ہم  دہلی کی طرز پر بھیونڈی کے شہریوں کو بھی سہولیات مہیا کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہتر علاج معالجہ کیلئے ہرعلاقے میں محلہ کلینک،تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر میونسپل اسکولوں  کے معیار کو اس قدر بلند کیا جائے گے کہ وہ پرائیوٹ اسکولوں سے بہتر ہوںگے۔
 انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ دہلی کی طرح یہاں کے شہری بھی اپنے بچوں کو پرائیوٹ اسکولوں سے نکال کر کارپوریشن ک کی اسکولوں میں داخلہ کروائیں گے۔اسی کے ساتھ ہی ایک ٹول فری نمبر کے ذریعہ گھر بیٹھے شہری سہولیات مہیا کرایا جائے۔آپ کے مقامی صدر نے جرائم پر قدغن لگانے کیلئے سی سی ٹی کیمرے لگانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے چپے چپے پر نظر رکھنے کیلئے پورے شہر میں ۵؍ہزار یا ضرورت پڑنے پر اس سے بھی زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب  کئے جائیں گا۔انہوںنے کہا کہ  عام آدمی پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو وعدہ نہیں کرتی گیارنٹی دیتی ہے۔
  مسیح اقبال نے شہری سہولیات  پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے حالات ہر کس وناکس پر عیاں ہیں،شہر کی کوئی ایسی سڑک نہیں ہے جو گڑھوں سے پُر نہ ہو،شہر کا کوئی ایسا چورہا نہیں ہے جہاں کوڑا کرکٹ کا انبار کارپوریشن انتظامیہ کی نااہلی اور یہاں جاری کرپشن کی منہ بولتی تصویر نہ ہو۔شہر کے کس محلہ کو مثالی محلہ اور کس وارڈ کو مثالی وارڈ کہیں یہاں کی عوام خود بتانے سے قاصر ہے۔ گندگی کے سبب مچھروں کاراج ہے ، ملیریا، ٹائیفائیڈ،پیلیا اور یرقان  کے مریضوں کی ہر دواخانے میں بہتات ہے۔گٹریں سڑکوں پر بہہ رہی ہیں۔چیمبروں کے نہ ہونے سے راہگیر گر کر زخمی ہورہے ہیں۔ میونسپل اسکولوں کا براحال ہے نہ تو بچوں کو بیٹھنے کے لئے ڈیسک ہیں اور نہ پینے کے لئے پانی اور روشنی کا انتظام ہے۔یہاں تک کہ بھیونڈی میں ایجوکیشن آفیسر کاعہدہ برسوں سے خالی ہے۔شہری اگر اپنے شہر کو حقیقی شہر میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو وہ  کیجریوال  کے ہاتھوں کو مضبوط کریں۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK