رکن پارلیمان نے ٹریفک کے مسائل کا ذمہ دار سڑک کی توسیع میں مصروف ٹھیکیداروں کو قرار دیا۔
EPAPER
Updated: August 06, 2024, 10:06 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
رکن پارلیمان نے ٹریفک کے مسائل کا ذمہ دار سڑک کی توسیع میں مصروف ٹھیکیداروں کو قرار دیا۔
ممبئی ناسک قومی شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک جام نے رکن پارلیمان سریش مہاترے (بالیا ماما)کو برہمی میں مبتلاکردیا ہے۔ انہوں نے قومی شاہراہ کی تعمیر اور ٹریفک کا جائزہ لے کر ٹھیکیداروں کے ذریعہ کچھوے کی رفتار سے ہورہے کام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ رکن پارلیمان نے روزانہ ہونے والے شدید ٹریفک جام کی ذمہ داری شاہراہ پر سڑک کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ایسے ٹھیکیداروں کو کھدیڑ دینا چاہئے جنہیں سیاستدانوں کی سرپرستی حاصل ہے۔سریش مہاترے نے انتباہ دیا کہ وہ جلد ہی ان ٹھیکیداروں کو سڑک پر بلا کر جواب طلب کریں گے۔ ان کا یہ بیان سیاست دانوں اور ٹھیکیداروں کے درمیان رشتے کو ظاہر کرتا ہےجہاں ایسے ٹھیکیدار جوسیاست دانوں کی سرپرستی میں کام کرتے ہیں،ان کے غیرمعیاری کام بھی مبینہ طور پر جواب دہی سے مستثنیٰ رہتے ہیں۔
معلوم ہوکہ کھارے گاؤں ٹول روڈ سے وڈپے تک ۸؍ لین والی سڑک کی تعمیرکا کام سست رفتاری سے کیا جا رہا ہے۔ سڑک کی تعمیر کرنے کے کام اور ٹریفک پولیس کی جانب سے منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں سے سفر کرنے والے ڈرائیور اور مسافر راوزانہ ٹریفک جام کا شکار ہو رہے ہیں۔ ممبئی ناسک شاہراہ پر وڈپے ناکہ سے کھارے گاؤں کھاڑی پل تک تقریباً۸؍سے۹؍ کلومیٹر تک ممبئی جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگی رہتی ہیں۔اس کی وجہ سے مسافر اس میں پھنسے رہتے ہیں۔اس جام نے مقامی افراد کی نقل و حرکت کو بھی محدود کردیاہے۔اس سے نجات کیلئے خود رکن پارلیمان سریش مہاترے کو سڑک پر نکلنا پڑا۔
سریش مہاترے نے الزام عائد کیا کہ اس سڑک پر ٹریفک پولیس کی تعدادکم ہے او ر ان کے پاس ٹریفک جام ہونےسے روکنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی بھی نہیں ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ شہری اس سڑک پر سست روی سے کام کررہے ٹھیکیداروں کو یہ کہہ کر مسترد کر دیں کہ ٹریفک کی خراب صورتحال کے ذمہ دار وہ ہیں۔رکن پارلیمان نے خبردار کیا کہ وہ جلد ہی ان ٹھیکیداروں کو کام کی جگہ پر بلا کر جواب طلب کریں گے۔