• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: اداکارہ جیکلن فرنانڈیز ۱۱؍سالہ بچے کے علاج کا خرچ اٹھائیں گی

Updated: September 21, 2025, 5:04 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ہائیڈروسیفلس نام کی سنگین بیماری میں مبتلا محبوب شیخ کے علاج پر تقریباً ۲۰؍لاکھ روپے خرچ ہوں گے، مریض علاج کیلئے لیلاوتی اسپتال داخل۔

Jacqueline Fernandez with Mehboob Sheikh`s mother and Hussain Mansoori. Photo: INN
جیکلن فرنانڈیز، محبوب شیخ کی والدہ اور حسین منصوری کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز نے بھیونڈی کے ایک غریب خاندان کے ۱۱؍ماہ کے بچے محبوب شیخ، جو ہائیڈروسیفلس نام کی سنگین بیماری میں مبتلا ہے، کے علاج کا مکمل خرچ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بیماری دماغ اور سر کے حصے میں پانی بھر جانے کے باعث سر کا حجم اور وزن غیر معمولی طور پر بڑھا دیتی ہے۔ محبوب کے سر کا وزن اب تقریباً ۱۰؍سے ۱۲؍ کلو تک پہنچ گیا ہے، جس نے اس کے مزدور والدین کو فکرمند کر دیا ہے۔ 
 محبوب کے والد ناصر شیخ، شہر کے گنجان آباد علاقے مہاڈا کالونی میں رہائش پذیر ہیں۔ بیم بھر کر اور مزدوری کرکے تقریباً ۵۰۰؍روپے یومیہ کماتے ہیں جس سے اہل خانہ کی کفالت بہ مشکل ہوتی ہے۔ محبوب شیخ ان کا سب سے چھوٹا بیٹا ہے۔ ناصر شیخ کی بیوی نے بتایا کہ حمل کے ساتویں مہینے میں ہی ڈاکٹروں نے متنبہ کیا تھا کہ بچہ نارمل نہیں ہو سکتا ہے اور آگے چل کر اس کی دیکھ بھال مشکل ہوگی، لیکن ماں نے ممتا کے جذبے سے جنم دینے کا فیصلہ کیا۔ محبوب کی پیدائش ممبئی کے جے جے اسپتال میں ہوئی تھی۔ 
مالی دشواریوں کے باعث ناصر شیخ علاج کرانے سے قاصر تھے۔ انہوں شہر کے متعدد افراد اور عوامی نمائندوں سے مدد طلب کی لیکن ناامیدی ہاتھ لگی۔ ممبئی کے متعدد اسپتالوں سے رجوع کیا، مگر ۱۵؍سے ۲۰؍لاکھ روپے کے اخراجات سن کر مایوس ہو گئے۔ مدد کی تلاش میں ناصر شیخ اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ ایک درگاہ پہنچے، جہاں ان کی ملاقات سماجی کارکن حسین منصوری سے ہوئی۔ منصوری نے بچے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے مدد کی پیشکش کی۔ ان ہی میں اداکارہ جیکلن فرنانڈیز بھی شامل تھیں، جنہوں نے نہ صرف علاج کی مکمل ذمہ داری لی بلکہ یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ محبوب کو ممبئی کے بہترین اسپتال میں علاج فراہم کیا جائے گا۔ فی الحال محبوب کو لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم اس کا علاج کر رہی ہے۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا کے مثبت اثرات، انسانی ہمدردی اور سماجی خدمت کی ایک نمایاں مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK