• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: رمضان کیلئے انتظامیہ متحرک، میونسپل کارپوریشن کا جامع انتظام کا دعویٰ

Updated: February 16, 2026, 11:43 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

رمضان المبارک کے دوران شہری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے مقصد سے میونسپل کمشنر انمول ساگر کی صدارت میں گزشتہ روز ایک جامع رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔

Bhiwandi Nizampur Municipal Corporation building. Photo: INN
بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

رمضان المبارک کے دوران شہری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے مقصد سے میونسپل کمشنر انمول ساگر کی صدارت میں گزشتہ روز ایک جامع رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی، ٹریفک، نظم و نسق، سیکوریٹی، پانی کی سپلائی، بازاروں میں ہجوم کے کنٹرول اور فٹ پاتھ فروشوں کی تنظیم سے رابطہ جیسے اہم امور پر واضح حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر وٹھل ڈاکے، نینا سسانے، اے سی پی رمیش سانگلے، ڈپٹی میونسپل کمشنر (ٹیکس) بالاکرشن شیرساگر، سٹی انجینئر جمیل پٹیل سمیت تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اور پولیس اسٹیشنوں کے سینئر انسپکٹرز شریک تھے۔ 
میٹنگ میں کمشنر نے ہدایت دی کہ رمضان کے دوران خصوصاً افطار کے بعد پیدا ہونے والے کچرے کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ کچرا پیٹی کی تعداد میں اضافہ، روزانہ صفائی، دن میں ۲؍ مرتبہ کچرا گاڑیوں کی روانگی اور حساس علاقوں میں ڈیپ کلیننگ کی جائے۔ اس ضمن میں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے ساتھ تال میل قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ صفائی کا نظام متاثر نہ ہو۔ 
محکمۂ صحت کو ہدایت دی گئی کہ وہ محکمۂ آب رسانی کے تعاون سے ڈیپ کلیننگ کیلئے وافر مقدار میں پانی کی دستیابی یقینی بنائے۔ ٹریفک انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ بازاروں اور مصروف شاہراہوں پر ہجوم کے پیش نظر مؤثر ٹریفک پلان مرتب کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ۲۰؍فروری کو میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب

محکمۂ آب رسانی کو شکایتی علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی، سپلائی شیڈول کی تشہیر اور ضرورت کے مطابق اضافی پانی فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ سیکوریٹی کے نقطۂ نظر سے حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، پولیس کے ساتھ مسلسل رابطہ اور ممکنہ آتشزدگی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کو مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی۔ رمضان کے دوران بلا تعطل برقی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئےٹورنٹ پاور کمپنی کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ عارضی میٹروں کی تنصیب کی صورت میں کسی بھی قسم کے شارٹ سرکٹ یا برقی حادثے کی مکمل ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوگی۔ مارکیٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ فٹ پاتھ پر اشیاء فروخت کرنے والوں اور تاجروں کو ضابطے کے تحت ضروری اجازت نامے جاری کرے۔ کمشنر نے تمام محکموں کو باہمی رابطے اور بروقت کارروائی کی تاکید کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK