• Wed, 06 December, 2023
  • EPAPER

بھیونڈی:تہوار کے موقع پر شہر میں امن وامان برقرار رکھنے کی اپیل

Updated: September 16, 2023, 9:07 AM IST | Mumbai

عید میلاد النبیؐ اور گنیش اتسو سے متعلق میونسپل کمشنر کیساتھ میٹنگ، عید میلاد کے جلوس کیلئے رقم مختص کرنے اور سڑکوں کی جلد مرمت کا مطالبہ

Municipal Commissioner and Member of Assembly in discussion with officers of various departments.
میونسپل کمشنر اور رکن اسمبلی مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ تبادلۂ خیال کرتے ہوئے۔

یہاں عید میلادالنبی ؐاور گنیش اتسو کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں عید میلاد کے جلوس کیلئے کارپوریشن کی جانب سے رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے میونسپل کمشنر کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ جب کارپوریشن مختلف تہواروں پر اچھی خاصی رقم خرچ کرتی ہے تو پھر رحمت عالم ؐکے جلوس پرآنے والے اخراجات بھی انتظامیہ کوبرداشت کرنا چاہئے۔
 مذکورہ میٹنگ شہر کی سڑکوں اور راستوں کی مرمت، ٹریفک کا نظام، عید میلادالنبی ؐکے جلوس اور گنیش وسرجن کے لئے روٹ کا خاکہ تیار کرنے کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے تیسرے منزلے پر واقع کانفرنس ہال میں منعقد کی گئی تھی۔میٹنگ میں میونسپل کمشنر اجے ویدیہ، ایڈیشنل میونسپل کمشنر وٹھل ڈاکے، رئیس قاسم شیخ، مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگلے،ڈی سی پی نوناتھ دھولے، چیف میڈیکل آفیسر بشریٰ سید،عید میلادالنبی جلوس کے سربراہ شکیل رضا، گنیش اتسو منڈل کے صدر مدن بھوئی، محکمہ ٹریفک ، فائر بریگیڈ ، پانچوں پربھاگ سمیتیوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنرز،میونسپل کارپوریشن کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ شہر کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ 
 اس میٹنگ میں رئیس قاسم شیخ نے میونسپل کمشنر اور متعلقہ افسران سے کہا کہ جس طرح گنیش وسرجن کیلئے روٹ تیار کیا گیا ہے اسی طرح عید میلادا لنبیؐ کے جلوس کے راستوں کا بھی خاکہ تیار کیا جائے۔دونوں جلوسوں کے ساتھ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ساتھ ہی ایمبولنس اور طبی عملہ بھی ساتھ ساتھ چلنے کے انتظامات کئے جائیں۔رکن اسمبلی نے ٹریفک کے مسئلہ پر اپنی سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے محکمہ ٹریفک کے ذمہ داروں سے استفسار کیا کہ جب شہر میں دن کے اوقات میں بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے تو پھر دن میں بڑی گاڑیاں شہر میں کیسے آتی ہیں؟ اور ٹریفک پولیس آخر ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ خصوصی طور پر دوپہر کے وقت جب اسکول کا وقت ہوتا ہے تب ان بڑی گاڑیوں کی وجہ سے پورے شہر میںٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔
 انہوں نے محکمہ ٹریفک کے افسران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کو قابو میں کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنیش اتسو اور عید میلاد ایک ہی دن ہونے کے سبب علماء نے ملک  میں امن و مان اور یکجہتی کے سبب عید میلاد کا جلوس ایک دن بعد نکالنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دونوں تہواروں کے بینر پوسٹر ایک ساتھ پورے شہر میں لگائے جائیں گے اس لئے دونوں کمیونیٹی کے لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ ایک دوسرے کے پیغامات کے بینر کو یکساں اہمیت دیں۔اس کی شرکاء نے بھرپور تائید کی۔ میٹنگ میں رئیس شیخ اور مہیش چوگلے دونوں نے خستہ حال راستوں کی مرمت نہ ہونے پر شدید ناراضگی کااظہار کیا۔مہیش چوگھلے نے میونسپل کمشنر سے سوال کیا کہ گنیش اتسو میںمحض۴؍ دن باقی رہ گئے ہیں اور اب تک کارپوریشن نے سڑکوں کی مرمت شروع کیوںنہیں کی؟انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ کم ازکم ایک مہینہ یا ۱۵؍ دن پہلے منعقد کی جانی چاہئے تھی اتنے کم وقت میں سڑکوں کی مرمت بھلا کیسے ہوگی؟
  میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے میٹنگ میں موجود تمام شرکاء کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے اور رات دن ایک کرکے تہوار سے قبل تمام راستوں کی مرمت مکمل کر لی جائے گی۔ عید میلادالنبیؐ کے جلوس کے لئے فنڈ کے تعلق سے میونسپل کمشنر نے بتایا کہ پہلے عید میلادالنبیؐ کے جلوس کے لئے کارپوریشن کی جانب سے رقم خرچ کی جاتی تھی لیکن کچھ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے گزشتہ چند برسوں سے جلوس کے لئے رقم نہیں دی گئی لہٰذا اس پر غور کرتے ہوئے کوئی مثبت راستہ تلاشکیا جائےگا۔ مذکورہ میٹنگ میں عوامی رابطہ کے افسر ملند پلسولے، جاوید انصاری، شجاع الدین نظام الدین انصاری، عبدالسلام نعمانی و دیگر افراد موجود تھے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK