جانوروں کے کان پر ایئر ٹیگ لگانا لازمی ۔میٹنگ میں میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے گائیڈلائن جاری کی
EPAPER
Updated: June 12, 2024, 10:25 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
جانوروں کے کان پر ایئر ٹیگ لگانا لازمی ۔میٹنگ میں میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے گائیڈلائن جاری کی
یہاں میونسپل کمشنر نے شہر کے مختلف حصوں میں ۵۴؍عارضی مذبح کومنظوری دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ قربانی ان عارضی مذبح ہی میںکی جائے۔ انہوں نے قربانی کیلئے لائے جانے والے جانوروں کے کان پر ٹیگ لگانا لازمی قرارد یا ہے۔
بقرعید کے حوالے سے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کی صدارت میں محکمہ پولیس، میونسپل افسران اور ویٹرنری ڈپارٹمنٹ اور قریشی سماج کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقادکیا گیا جس میں عیدالاضحی کے معاملے پربھی گفتگو کی گئی۔میٹنگ میں میونسپل کمشنر نے گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت دی کہ بقرعید کیلئے لائے جانے والے تمام جانوروں کا ریکارڈ اور رسیدیں ضرور لی جائیں۔ سبھی عدالت عالیہ اور ہائی کورٹ کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عید الضحیٰ کا تہوار منائیں۔
میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں جانوروں کی قربانی کیلئے ۵۴؍ عارضی مذبح کی اجازت دی گئی ہے۔شہری ان عارضی مذبح کے علاوہ کسی بھی مقام پر جانوروں کی قربانی نہ کریں۔انہوں نے جانوروں کے باقیات کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے بند گاڑیاں استعمال کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ میونسپل کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ہر شخص کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کسی جانور کے جسم کے حصے، خون یا گوشت سڑک پر نہ گرے۔قربانی کے عارضی مراکز کو صاف کرکے تمام چیزوں کو پانی سے دھو لیا جائے اور جہاں ضروری ہو، اس جگہ کو صاف کر لیا جائے۔ جراثیم کش اودیات کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔کارپوریشن کی جانب سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔شہری اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ کسی بھی دوسرے مذہب کے لوگوں کے جذبات مجروح نہ ہونے پائیں۔ امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ شہر میں جانوروں کی قربانی کیلئے ۱۲۰؍جانوروں کے ڈاکٹر کو عارضی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ قربانی کیلئے پانی کے ۲۵؍ ٹینکرس منگوائے گئے ہیں۔ جہاں میونسپل کارپوریشن کے ۴؍ ٹینکرس اور ۲؍ جیٹنگ مشینیں استعمال کی جائیں گی۔ ۱۸۶؍ بند ٹیمپو، ۱۲؍ جے سی بی اور۳؍ کرین استعمال کی جائیں گی۔
میٹنگ میں موجود تھانے کے ڈپٹی میونسپل کمشنر (مویشی پالن )نے کہا کہ بقرعید کے دوران جو بھی جانور خرید و فروخت کرے ، اس کی ۱۰۰؍ فیصد ایئر ٹیگ کے ساتھ ’بھارت لائیوسٹاک سسٹم‘ پر جانوروں کو رجسٹر کیا جائے جس سے بقرعید کے دوران مہاراشٹرا اینیمل پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات کے مطابق جانوروں کے مالکان کو سرٹیفکیٹ جاری کرناآسان ہوجائے گا۔