Inquilab Logo

بھیونڈی: سرکاری دفاتر میں بجلی کےاستعمال میں لاپروائی!

Updated: January 08, 2024, 11:26 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بیشتر دفاتر میں ملازمین کی عدم موجودگی میں بھی برقی آلات بند نہیں کئے جاتے ، جس کی وجہ سےشہری انظامیہ کو بھاری بھرکم بجلی کا بل ادا کرنا پڑتا ہے۔

Lights and fans are turned on even when no one is present in the offices. Photo: INN
دفاتر میں کسی کے موجود نہ ہونے کے باوجودلائٹ اور پنکھے چلائے جاتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہاں میونسپل کارپوریشن کو دیگر سرکاری دفاتر کے مقابلے بجلی کا بھاری بھرکم بل ادا کرنا ہوتا ہے۔تحصیلدار آفس اور پنچایت سمیتی میں جہاں ملازمین بجلی کی بچت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں وہیں شہری انتظامیہ کے دفاتر میں ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے اکثر و بیشتر ملازمین کی عدم موجودگی میں بھی پنکھے ،ٹیوب لائٹ اور دوسرے برقی آلات چلتے ہی رہتے ہیں جس کے سبب انتظامیہ پر مالی بوجھ پڑتا ہے۔ 
 واضح رہےکہ ریاستی حکومت نےمیونسپل کارپوریشن ، میونسپل کونسل،تحصیلدار،پرانت آفس، پنچایت سمیتی اور دوسرے سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ لیکن اہلکاروں کی تساہلی کے سبب ملازمین و افسروں کی غیر حاضری میں بھی دفتر میں نصب برقی آلات بند نہیں کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کے بھاری بھرکم بل کے ساتھ ساتھ شارٹ سرکٹ کے سبب برقی آلات بھی خراب ہوتے رہتے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن 
 میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں میں کام کے دوران گرمی سے پریشان اہلکاروں کوراحت پہنچانے کے مقصد سے پنکھوں کے ساتھ ہی ایئر کنڈیشن بھی لگائے گئے ہیں ۔ ملازمین کے ذریعہ اس کے استعمال میں احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے میونسپل انتظامیہ پر مالی بوجھ پڑ رہاہے۔میونسپلکارپوریشن میں وہیکل ڈپارٹمنٹ محکمہ بجلی، محکمہ ایمرجنسی، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ، محکمہ سیکوریٹی، محکمہ پیدائش اور موت کے رجسٹریشن و دیگر محکموں میں گرمی سے راحت کے ساتھ ہی دیگر کاموں کیلئے بجلی کااستعمال کیا جاتا ہے۔ان دفاتر میں کام کرنے والے بعض اہلکار دفتر سے جاتے وقت بجلی کے سبھی آلات بند کر دیتے ہیں لیکن بیشتر دفاتر کے ملازمین اس احتیاط کو نظر انداز کردیتے ہیں۔
 شہری انتظامیہ کے مطابق میونسپل کارپوریشن کو ہر ماہ تقریباً ایک کروڑ۱۰؍لاکھ روپے بجلی کابل ادا کرنا ہوتاہے۔ان میں شہر کے مختلف حصوں میں نصب اسٹریٹ لائٹ کا بجلی بل ۷۰؍ لاکھ روپے اورمیونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے ماتحت سبھی محکموں کابجلی بل تقریبا۴۰؍لاکھ روپے آتا ہے۔
تحصیلدار آفس
 تحصیلدار آفس میں ہر روزشہر اور تعلقہ کے کونے کونے سے بڑی تعداد میں لوگ محصول سے متعلق مختلف کاموں کے لئے تحصیلدار دفتر آتے ہیں ۔ اس کی وجہ سے تحصیلدار آفس کے ملازمین پر ہر وقت کام کا دباؤ رہتا ہے۔ اس کے باوجود تحصیلدار دفتر کے ملازمین کی جانب سے بجلی بچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ گرمی میں ملازمین کو کام کے دوران شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن حکومت کی ہدایات پر عمل کرنے اور بجلی کا بل کم کرنے کے مقصد سے ملازمین کے بیٹھنے کی جگہ پر ایئرکنڈیشن نہیں لگایا گیا۔ملازمین کسی کام سے باہر جانے پر اپنے پنکھوں کے سوئچ بند کرتے ہیں ، لیکن یہاں بھی جانے انجانے میں کبھی کبھی ٹیوب لائٹس اور پنکھے ملازمین کے بغیر چلتے نظر آتے ہیں۔
پنچایت سمیتی 
 پنچایت سمیتی دفتر میں بجلی کی بچت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ملازمین کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ شام کو گھر جانے سے پہلے دفتر کے سبھی آلات کو بند کر دیں ۔ اس کے علاوہ بجلی کے بلوں کو کم کرنے کیلئے ۲؍ الگ میٹر بھی لگائے گئے ہیں تاکہ بجلی کے ایک میٹر پر بجلی کا زیادہ دباؤنہ پڑے۔یہاں کے اہلکار بھی بجلی کا ضیاع نہیں ہونے دیتے ،لیکن اکثر چند منٹوں کیلئے کسی کام سے باہر جاکر تاخیر سے آنے والے ملازمین سوئچ کو بند کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ 
 پنچایت سمیتی کے گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر ڈاکٹر پردیپ گھوڑپڑے نے بتایاکہ سمیتی کے دفاتر میں بجلی کی بچت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں میٹروں کا دفتری بجلی کا بل ۱۸؍ ہزار سے۲۰؍ ہزار روپے تک ہی رہتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK