یہاں ٹورینٹ پاور کمپنی کے ۵؍ افسران کے خلاف کمپنی کے ہی ایک سابق اہلکار نے تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۲۳ ، ۵۰۴ ، ۱۰۹، ۳۴؍کے ساتھ ایس سی ایس ٹی قانون کی دفعہ ۳(۱)کے تحت نارپولی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرایا ہے۔ معاملہ کی تفتیش معاون پولیس کمشنر (مشرق) پرشانت ڈھولے کررہے ہیں۔
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این
یہاں ٹورینٹ پاور کمپنی کے ۵؍ افسران کے خلاف کمپنی کے ہی ایک سابق اہلکار نے تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۲۳ ، ۵۰۴ ، ۱۰۹، ۳۴؍کے ساتھ ایس سی ایس ٹی قانون کی دفعہ ۳(۱)کے تحت نارپولی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرایا ہے۔ معاملہ کی تفتیش معاون پولیس کمشنر (مشرق) پرشانت ڈھولے کررہے ہیں۔ موصول اطلاع کے مطابق نتن رائے بولے نامی شخص ٹورینٹ پاور کمپنی میں تقریباً ۱۰؍برسوں سے بطور ٹیکنیشین کام کررہا تھا۔ ساتھ وہ ’مہاراشٹر نونرمان کامگارسینا‘کے نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز تھا۔جس کے سبب مبینہ طور پر بجلی سپلائی کمپنی کے افراد اس کے ساتھ بدسلوکی اور بدزبانی کرتے تھے۔ الزام لگایا گیا کہ ۲۴؍ اکتوبر ۲۰۲۰ء کو ڈیوٹی پر رہتے ہوئے کمپنی کے اعلیٰ افسران نے نتن کے ساتھ مارپیٹ کی اور ان کے قبائلی ہونے کے متعلق، ان کی ذات پر اور گھروالوںکو گالیاں دیتے ہوئے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی۔جس کے بعد مہاراشٹر نونرمان سینا کے مقامی صدر منوج گلوی،مہیلا اگھاڑی سینا کی صدرکامنی کھنڈاگلے،نائب صدر پروین دیوکر کے ساتھ پارٹی کے تقریبا ایک درجن عہدیداروں نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے نارپولی پولیس اسٹیشن جاکر ٹورینٹ پاور کمپنی کے افسران ہرش وردھن پالوے،اُمنگ دلال ،ابھجیت کالے،جے شنکرشیٹی اور پرکاش سجنانی سمیت۵؍افسران کے خلاف معاملہ درج کرادیا ہے۔
ٹورینٹ پاور کمپنی نے شکایت کو جھوٹ قرار دیا
اس بابت ٹورینٹ پاور کمپنی کے عوامی رابطہ افسر چیتن بادیانی نے بتایا کہ شکایت کنندہ نتن رائے بولے گزشتہ۱۰؍برسوں سے بجلی ٹیکنیشین کے طور پر کام کررہا تھا۔نتن کے خلاف کمپنی کے کام کاج میں لاپروائی کے ساتھ ہی متعدد شکایات موصول ہونے پر کمپنی نے محکمہ جاتی انکوائری کی جس میں وہ مجرم پایا گیا۔نتن کے خلاف ہونے والی کارروائی کو روکنے کیلئے لیبر کورٹ میں پیٹیشن داخل کی گئی تھی۔جسے عدالت کے ذریعہ ۱۲؍فروری ۲۰۲۰ء کو رد کردیا گیا۔اس کے بعد اس نے صنعتی عدالت میں پیٹیشن داخل کی لیکن یہاں سے بھی اس کی درخواست۱۰؍ستمبر کو رد کردی گئی۔ جس کے بعد ٹورینٹ پاور کمپنی نے داخلی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق نتن رائے بولے کو ۲۴؍اکتوبر کو برخاست کرتے ہوئے اسے کام سے نکال دیا۔جس سے ناراض ہوکر رائے بولے نے ٹورینٹ پاور کمپنی کے افسران کے خلاف پولیس میں جھوٹی شکایت درج کرائی ہے۔