Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن اب گھر گھر جاکر مریضوں کی جانچ کرے گی

Updated: July 17, 2025, 10:09 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنرانمول ساگرنے پرائمری ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیااور طبی عملے کو ہدایات دیں۔ میڈیکل افسران روزانہ ۱۰؍ تا ۱۵؍گھروں کا دورہ کریں گے

Municipal Commissioner Anmol Sagar inspecting a medical center.
میونسپل کمشنر انمول ساگر ایک میڈیکل سینٹر کامعائنہ کرتے ہوئے۔

شہریوں کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن صحت خدمات کو شہریوں کے دروازے تک پہنچانے جارہی ہے۔ اس نئی پہل کے تحت اب ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹرس کے طبی افسران روزانہ او پی ڈی مکمل ہونے کے بعد علاقے کے۱۰؍تا۱۵؍گھروں کا دورہ کریں گے اور وہاں موجود افراد کی بنیادی صحت کی جانچ کریں گے۔
 یہ اقدام عوامی صحت سے جڑے مسائل کے فوری ازالے، وقت پر تشخیص اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ خاص طور پر بزرگ شہری، خواتین اور وہ افراد جو خود طبی مراکز تک نہیں جا سکتے، اب ان کی صحت کی دیکھ بھال ان کے گھر پر ہی ممکن ہو پائے گی۔
 کمشنر کا دورہ اور احکامات :
 اس مہم کا جائزہ لینے کیلئےمیونسپل کمشنر  انمول ساگر نے بدھ کو شہر کے ۴؍ اہم طبی مراکز — بھاگیہ نگر، ندی ناکہ، پیس پارک اور پرشورام ٹاورے  اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سندیپ گاڈیکر اور سٹی انجینئر جمیل پٹیل بھی موجود تھے۔
 میونسپل کمشنر نے طبی عملے سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر میڈیکل افسر روزانہ شام میں علاقے کے کم از کم۱۰؍ سے ۱۵؍ گھروں کادورہ کرے، جہاں بلڈ پریشر، شوگر، بخار، سانس کی شکایت یا دیگر معمولی امراض کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مریضوں کو ضروری مشورے اور ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔
 ہر۱۵؍دن میں تمام طبی عملے کی میٹنگ، ادویات کے ڈیجیٹل اسٹاک (ای-اوشدھی) کو اپڈیٹ رکھنے کی سختی سے ہدایت، ہر ہفتے یا۱۵؍ دن میں این سی ڈی  اسکریننگ کیمپ کا انعقاد، طبی مراکز کی تعمیر و مرمت کیلئے فوری اقدام
 صحت مراکز کے نئے اوقات :
ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹرس: صبح۹؍  تا شام۵؍ بجے
آپلا دَواخانہ: دوپہر۲؍ بجے تا رات۱۰؍ بجے تک
 مقامی افرادکے تاثرات
 طبی حلقوں کی فعال تنظیم ’آپریشن مکت بھیونڈی‘ کے صدر ڈاکٹر شفیق احمد صدیقی نے گھروں پر طبی جانچ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے خاص طور پر معذور، بزرگ اور دائمی امراض میں مبتلا افرادکیلئے  راحت بخش قدم قرار دیا  ۔  انہوں نے کہا کہ ’’ یہ ایک قابلِ ستائش اقدام ہے، بشرطیکہ یہ صرف کاغذوں تک محدود نہ رہے بلکہ زمینپر ایمانداری سے نافذ بھی کیا جائے۔ ماضی میں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اندیشہ ہے کہ یہ اسکیم صرف رسمی کارروائی نہ بن جائے۔ اس لئے ضروری ہے کہ اس کی موثر نگرانی صرف افسران کے ذریعے ہی نہیں بلکہ علاقے کے سرگرم سماجی کارکنان کی شمولیت سے بھی کی جائے تاکہ شفافیت اور جوابدہی قائم رہ سکے۔‘‘ ڈاکٹر صدیقی نے مزید کہا کہ ’’اگر اس اسکیم کو حقیقی معنوں میں زمین پر اتارا گیا تو یہ شہر کی صحت عامہ کے نظام میں ایک مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔‘‘
 میونسپل کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہےکہ وہ گھروں پر آنے والے طبی عملے سے تعاون کریں اور صحت سے جڑے مسائل کو چھپانے کے بجائے بروقت جانچ کروا ئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK