شیواجی چوک پر’ وجے سنکلپ سبھا ‘ سے خطاب میںوزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہایوتی کو اقتدار ملنے کی صورت میں شہر کی تقدیر بدل دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
میونسپل انتخابات کے پیش نظر مہایوتی کے امیدواروں کی تشہیر کیلئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس بدھ کی شام صنعتی شہر پہنچے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر مہایوتی امیدواروں کی حمایت میں منعقدہ ’وجے سنکلپ سبھا‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک مرتبہ پھر ہتھیلی پر چاند دکھاتے ہوئے وہی دلفریب باتیں اور وعدوں کو دہرایا جو وہ تقریباً ہر الیکشن کے موقع پر آکر یہاں کہتے ہیں۔ چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر منعقدہ ’وجے سنکلپ سبھا‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے رائے دہندگان کو لبھانے کی کوشش کرتے ہوئے میٹرو منصوبوں، ترقیاتی دعوؤں اور مستقبل کے وعدوں کو اپنی تقریر کا محور بنایا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برسوں سے بدانتظامی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث بھیونڈی بنیادی سہولیات سے محروم رہا، تاہم مہایوتی کو اقتدار ملنے کی صورت میں شہر کی تقدیر بدل دی جائے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھیونڈی کی حقیقی ترقی کیلئے میونسپل کارپوریشن میں مہایوتی کا میئر ہونا ناگزیر ہے۔میٹرو منصوبے کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے فرنویس نے کہا کہ تھانے سے بھیونڈی تک میٹرو لائن۵؍کا پہلا مرحلہ ۲۰۲۷ء تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ بھیونڈی سے کلیان تک دوسرا مرحلہ اس کے بعد ۲؍ برس میں شروع ہوگا۔ ان کے مطابق میٹرو کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی کنکریٹائزیشن، ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے فلائی اووَر اور انڈر پاس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہایوتی کی حکومت اور میئر کے انتخاب کے بعد ترقیاتی منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے منظوری دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سابقہ حکمراں جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل اقتدار کو ’اے ٹی ایم‘ سمجھ کر شہر کے وسائل کو نقصان پہنچایا گیا جس کا خمیازہ عوام آج تک بھگت رہے ہیں۔ (انہوں نے سابق حکمراں کو تنقید کا نشانہ ضرور بنایا لیکن شاید انہیں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ پرتبھا ولاس پاٹل، بی جے پی کی حمایت سے ہی میئر بنی تھیں)۔فرنویس نے یقین دلایا کہ ’لاڈلی بہن یوجنا‘ بند نہیں کی جائے گی۔
فرنویس کے مطابق حکومت کا آئندہ ہدف خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر انہیں ’لکھ پتی دیدی‘ بنانا ہے۔تقریر کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھیونڈی کی تعمیر نو، میٹرو منصوبوں اور ترقیاتی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بی جے پی اور مہایوتی کو اقتدار سونپیں۔جلسے میں ایڈوکیٹ مادھوی نائیک اور ایم ایل سی گیانیشور مہاترے کے ہاتھوں مہایوتی کے انتخابی منشورکا اجرا کیاگیا۔جلسے میں بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان، سابق مرکزی وزیر مملکت کپل پاٹل، رکنِ اسمبلی مہیش چوگھلےموجود تھے۔