Inquilab Logo

بھیونڈی : ۲؍گروہوں میں تصادم، مہاپولی میں تناؤ

Updated: November 27, 2023, 10:28 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

معمولی بات پر تنازع کے بعد جھڑپ میں ۸؍ افراد زخمی۔علاقے میں پولیس کا سخت بندوبست۔

Weapons are seen in the hands of the attackers. Photo: INN
حملہ کرنے والےنوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار نظر آرہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہاں شہر سے ملحق مہاپولی گاؤں میں سنیچر کی شب تقریباً سوا ۱۰؍ بجے ایک پان کی دکان پر سگریٹ اور گٹکھا لے کر کھڑے گاہک سے جب دکاندار نے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہوئے دور جاکر سگریٹ پینے کو کہاتو اس سے ناراض ہو کر نوجوانوں نے اپنی کار سے تلواریں اور چاپڑ نکال کر لہراتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا۔اس واقعہ میں ۲؍ افراد زخمی ہو گئے۔ اس کے بعد مشتعل ہجوم نے ۳؍ افراد کی پٹائی کی جس میں زخمی ہوگئے۔ دونوں طرف سے ہونے والے حملوں میں ۷،۸؍ افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ۳؍ کی حالت تشویشناک ہے۔ ان میں دو لوگوں کو کلوا کے سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ شدید زخمی تیسرے نوجوان کو نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں کو امباڑی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد پورے مہاپولی اور آس پاس کے دیہی علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اعلیٰٰ پولیس افسران مہاپولی پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔
گروہی تصادم کے بعد پولیس افسران نے ماحول کو پرامن رکھنے کیلئے گاؤں والوں کے ساتھ میٹنگیں شروع کر دی ہیں۔ علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس معاملے میں دونوں گروہوں نے گنیش پوری پولیس اسٹیشن میں ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع پورے شہر میں پھیل گئی۔ حالات کے پیش نظر ڈی سی پی نوناتھ دھاولے نے سبھی پولیس اسٹیشنوں کو الرٹ کردیا ہے۔ حفظ ماتقدم کے طورپر شانتی نگر پولیس نےدیر رات تک چلنے والے سبھی ہوٹلوں کو بند کروادیا ہے۔
 پولیس کے مطابق مہاپولی گاؤں میں لب سڑک عقیل پٹیل کی پان کی دکان ہے جہاں سونٹکے گاؤں کے رہنے والے دیوآنند بھگت، اکشے بھگت اور نندی ٹھنے کے رہنے والے ارون بھوئیر سنیچر کی شب تقریبا سوا ۱۰؍ بجے سگریٹ اور گٹکھا لے کر دکان کے پاس کھڑے ہوگئے۔ دکاندار عقیل پٹیل نے تینوں سے سگریٹ اور گٹکھے کے پیسے دینے کر دکان سے تھوڑی دور جا کر سگریٹ پینے کو کہا جس سے وہ ناراض ہوگئے۔ اسی بات پر ان میں تکرار شروع ہوگئی اور معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ دیوآنند بھگت اور اکشے بھگت نے اپنی گاڑی سے چاپڑ اور تلوار نکالی اور اسے لہرا کر دہشت پھیلانے کی کوشش کی۔ انہوں نے حذیفہ حلوے ان کے دوستوں ذکی ناچن، اصغر حلوے اور عقیل پٹیل پر حملہ کردیاجس سے ذکی اور اصغر زخمی ہو گئے ۔ بعدازیں مشتعل ہجوم نے دیوآنند بھگت، اکشے بھگت اور ارون بھوئیر پر حملہ کر دیا جس میں وہ زخمی ہوگئے ۔اس واقعہ کے بعد مہاپولی اور آس پاس کے علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تھانے دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ وکرم دیشمانے، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ د یپالی دھتے، ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ پرشانت ڈھولے اور دیگر افسران وہاں پہنچ گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK