آئی آئی ٹی حیدر آباد میں اس بار پلیسمنٹ سیزن کا آغاز شاندار رہا ہے۔ اس دوران ایک ہونہار طالب علم کو ۲ء۵؍ کروڑ روپے سالانہ تنخواہ کا ریکارڈ توڑ پیکیج آفر ملا ہے۔
ایڈورڈ نیتھن ورگیز جن نے ۲ء۵؍ کروڑ روپے سالانہ تنخواہ کا پیکیج غاصل کیا۔ تصویر: آئی این این
آئی آئی ٹی حیدر آباد میں اس بار پلیسمنٹ سیزن کا آغاز شاندار رہا ہے۔ اس دوران ایک ہونہار طالب علم کو ۲ء۵؍ کروڑ روپے سالانہ تنخواہ کا ریکارڈ توڑ پیکیج آفر ملا ہے۔ قبل ازیں ۲۰۱۷ء میں آئی آئی حیدر آباد کے ایک گریجویٹ کو ریکارڈ ایک کروڑ روپے کا جاب آفر ہوا تھا۔ جو ۲۱؍ سالہ کمپیوٹر سائنس کے فائنل ایئر کے طالب علم ایڈورڈ نیتھن ورگیز نے توڑدیا ہے۔ نیتھن نے صرف ایک کمپنی میں انٹرویو دیا اور اسی کوشش میں اس نے کیمپس کی تاریخ کا سب سے بڑا ’جاب آفر‘ حاصل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایڈورڈ ورگیز حیدرآباد میں پیدا ہوئے اور وہیں پرورش پائی، جبکہ ساتویں جماعت کے بعد سے ان کی اسکول کی تعلیم بنگلورو میں مکمل ہوئی۔ سالوں کی محنت سے انہوں نے خود کو مضبوط کیا اور کمپیٹیٹو پروگرامنگ میں ٹاپ ۱۰۰؍ کوڈرز میں جگہ حاصل کی۔ انہیں نیدرلینڈ کی ٹریڈ فرم’Optiver‘ کی جانب سے پرکشش تنخواہ پیکیج والی ملازمت کی پیشکش ملی ہے۔ ورگیز نے کمپنی میں دو ہفتوں کی ٹریننگ لی ، جس کے بعد چھ ہفتوں کا ایک پروجیکٹ مکمل کیا، جس کا مقصد تکنیکی مہارت اور دباؤ میں فیصلہ سازی کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔ آئی آئی ٹی حیدر آباد کے دو طلبہ میں سے جنہیں یہ انٹرن شپ ملی تھی، پی پی اوصرف انہیں ملا ہے ۔ ان کے والدین بھی انجینئر ہیں۔رپورٹ کے مطابق ورگیز جولائی سے نیدرلینڈز میں’آپٹیور‘ کے دفتر میں بطور سافٹ ویئر انجینئر شامل ہوں گے۔ کمپنی میں ان کا سفر دو ماہ کی سمر انٹرن شپ سے شروع ہوا تھا، جسے انہوں نے پری پلیسمنٹ آفر میں تبدیل کر لیا۔
آئی آئی ٹی حیدرآباد کے ایک اور کمپیوٹر سائنس کے طالب علم نے۱ء۱؍ کروڑ روپے کا پیکیج حاصل کیا ہے ۔دریں اثنا، آئی آئی ٹی حیدرآباد کے کیمپس پلیسمنٹ کے اعداد و شمار گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں۔ اوسط سالانہ پیکیج میں۷۵؍ فیصد اضافہ ہوا ہے، جو۲۰۲۴ء میں۲۰ء۸؍ لاکھ روپے سے بڑھ کر ۲۰۲۵ء میں۳۶ء۲؍ لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں طلبہ کو۲۴؍ بین الاقوامی آفرز ملیں۔ پوسٹ گریجویٹ طلبہ میں سے ۶۵۰؍ میں سے ۱۹۶؍ کو تقریباً۲۲؍ لاکھ روپے کے اوسط پیکیج کیساتھ نوکریاں ملیں، جبکہ انڈر گریجویٹ سطح پر۴۸۷؍ طلبہ میں سے۶۲؍ فیصد کو نوکریوں کی پیشکش ہوئی ہے۔