مسئلہ حل کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئے ۱۰؍ دن کی مہلت دی اور’سڑک چور، کرسی چھوڑ‘ تحریک شروع کرنے کا انتباہ دیا
EPAPER
Updated: August 26, 2025, 9:50 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
مسئلہ حل کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئے ۱۰؍ دن کی مہلت دی اور’سڑک چور، کرسی چھوڑ‘ تحریک شروع کرنے کا انتباہ دیا
شہر کی خستہ حال سڑکیں، جگہ جگہ گڑھے اور ان سے ہونے والے حادثات سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسی کے پیش نظرکانگریس کے وفد نے میونسپل کمشنر سے ملاقات کرکے ۱۰؍ دن میں مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا
کانگریس کےوفد نےکانگریس کے مقامی صدر عبدالرشید طاہر مومن کی قیادت میں میونسپل کمشنر انمول ساگر سے ملاقات کی جس میں شہری انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر سخت برہمی ظاہر کی گئی اور صاف صاف الفاظ میں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ۱۰؍ دن کے اندر سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی تو کانگریس ’سڑک چور، کرسی چھوڑ‘ تحریک شروع کرے گی۔یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گنیش اتسو اور عید میلادالنبیؐ جیسے بڑے تہوار قریب ہیں اور شہر کے ٹریفک کا دباؤ کئی گنا بڑھنے والا ہے۔ ایسی صورت میں اگر سڑکوں کی مرمت نہیں ہوئی تو عوامی مشکلات اور حادثات میں مزید اضافہ یقینی ہے۔میونسپل کمشنر کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے طویل گفتگو میں کانگریس نے تین بڑے مطالبات رکھے:اعلیٰ معیار کے ماسٹک ڈامبر سے سڑکوں کی مرمت،جنگی پیمانے پر تمام گڑھے جائیں اور پیور بلاک و کنکریٹ روڈ کی جدید ٹیکنالوجی سے درستگی۔
عبدالرشید طاہر مومن نے بتایا کہ کانگریس نے میونسپل کارپوریشن کو انتباہ دیا ہے کہ اگر۱۰؍ دن میں سڑکوں کی مرمت نہ کی گئی تو راہل گاندھی کے `’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ تحریک کی طرز بھیونڈی میں ’ سڑک چور، کرسی چھوڑ‘ تحریک شروع کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میونسپل کمشنر انمول ساگر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور تہواروں سے قبل شہر کی بیشتر سڑکوں کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائےگی۔
وفد میں سہیل خان، جاوید فاروقی، حاجی نعمان خان، جابر انصاری، سلام شیخ، سمیر سید، شاہد صدیقی، شکیل انصاری (پاپا) اور اشفاق اعظمی سمیت کئی اہم لیڈران شامل تھے۔