Inquilab Logo

بھیونڈی:نالوں کی صفائی کیلئے ۲؍کروڑ روپے سے زائد کا ٹھیکہ

Updated: May 06, 2023, 9:18 AM IST | Mumbai

یہاں میونسپل کارپوریشن نے میونسپل حدود میں نالوں کی صفائی کیلئے۲؍ کروڑ ۹؍ لاکھ۲۷؍ہزار۱۴۸؍ روپے کا ٹھیکہ ۶؍ ٹھیکداروں کو دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ رقم گزشتہ سال کی بہ نسبت تقریباً کے۲۸؍فیصد زیادہ ہے۔

Garbage can be seen in a drain in Bhiwandi. (File Photo)
بھیونڈی کے ایک نالے میں کوڑا کرکٹ بھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔(فائل فوٹو)

یہاں میونسپل کارپوریشن نے میونسپل حدود میں نالوں کی صفائی کیلئے۲؍ کروڑ ۹؍ لاکھ۲۷؍ہزار۱۴۸؍ روپے کا ٹھیکہ ۶؍ ٹھیکداروں کو دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ رقم گزشتہ سال کی بہ نسبت تقریباً  کے۲۸؍فیصد زیادہ ہے۔ان نالوں کی صفائی کی میعاد ۴۰؍دن مقرر کی گئی ہے۔  اسی کے ساتھ ہی ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب اہم شاہراہ آگرہ روڈ پر واقع نالوں کی صفائی کیلئے علیحدہ ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ سماجی تنظیم آپریشن مکت بھیونڈی نے میونسپل کمشنر سے  نالوں کی صفائی  میں ممکنہ طور پر ہونے والی  بدعنوانی پر قدغن لگانے کیلئے ویڈیو گرافی کا مطالبہ کیا ہے۔
 میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کے افسر جے ایم سوناونے نے بتایا کہ ۵؍پربھاگ سمیتیوں میں چھوٹے بڑے ۹۲؍نالے ہیں۔ ان کا رقبہ ۴۰؍ہزار ۷۴۷؍میٹر ہے۔جس کی صفائی کیلئے ہر پربھاگ میں ایک ٹھیکہ دار اور اہم شاہراہ آگرہ روڈپر نالوں کی صفائی کیلئے الگ سے ٹھیکہ دارسمیت ۶؍ٹھیکیداروں کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ پربھاگ سمیتی ایک، ۲؍اور ۵؍کے نالوں کی صفائی کیلئے  میسرس چنڈیکاکنسٹکرشن  کو بالترتیب ۳۵؍ لاکھ ۵۰؍ہزار۲۸۵؍روپے ، ۳۷؍لاکھ ۷؍ ہزار ۹۵۳؍روپے اور ۳۵؍ لاکھ ۹؍ ہزار ۱۸۶؍ ، پربھاگ سمیتی میں ۳؍میں  بوبیرے اینڈ اسوسی ایٹ کو ۳۷؍ لاکھ ۵۴؍ ہزار ۱۶۷؍ روپے، پربھاگ سمیتی۴؍میں چنڈیکاکنٹریکشن کو ۳۶؍ لاکھ ۱۲؍ہزار۶؍روپے میں نالے اور گٹر کی صفائی کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔اس سال شہر کی اہم شاہراہ آگرہ  روڈ پر واقع  نالے کی انجور پھاٹا سے ندی ناکہ تک صفائی کا ٹھیکہ بھی میسرس چنڈیکا کنٹریکشن کو علیحدہ طور سے ۲۷؍لاکھ ۹۳؍ ہزار ۵۴۷؍ روپے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔
 ۴۰؍دنوں میں صفائی مکمل کرنے کی ہدایت
 میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال نے سبھی پربھاگ سمیتیوں کے معاون میونسپل کمشنر، محکمہ صحت کے افسران اورنالا صفائی ٹھیکیداروں کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کرکے افسران اور ٹھیکیداروں کو نالے کی صفائی کا کام ۴۰؍ دنوں  میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔صفائی کیلئے انہوں نے جے سی بی لگا کر سب سے پہلے نالوںکے اندر موجود کوڑا کرکٹ کی بہتر انداز میں صفائی کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مناسب تعداد میں مزدور تعینات کر کے صفائی کواحسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔
نالوں کی صفائی کا ویڈیو گرافی 
 سماجی تنظیم’ آپریشن مکت بھیونڈی‘ کے صدر ڈاکٹر شفیق صدیقی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نالا صفائی کے کام پر ہر سال  بدعنوانی اور بھرشٹاچار کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔ٹھیکیدار نالوں میں موجود مٹی،کیچڑاور ریت کو یونہی چھوڑکر اوپر پڑا ہوا پلاسٹک،کوڑا کرکٹ نکال دیا کرتے ہیں۔اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ  تیز بارش میں پانی کی نکاسی نہیں ہوپاتی ، نالوں میں طغیانی آ جاتی ہے جس کے سبب لوگوں کے گھروں اور پاور لوم کارخانوں  میں پانی بھر جاتا ہے اورلوگوں کو بھاری مالی نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔ میونسپل انتظامیہ شہریوں کے نقصان پر کبھی کوئی توجہ نہیں دیتی ہے۔ انہوں نے میونسل کمشنر وجے کمار مہسال سے مطالبہ کیا کہ  نالوں کی بہترصفائی  کیلئے ضروری ہے کہ  نالوں کی صفائی کی ویڈیو گرافی کروانے کا حکم جاری کیا جائے۔میونسپل کمشنرٹھیکیداروں کو ہدایت جاری کریں کہ سبھی ٹھیکیدارہر روز اپنے کام کا ویڈیو کارپوریشن کے متعلقہ محکمہ کے پاس جمع کروائیں نیز انہیں انتباہ دیں کہ اگر ٹھیکیداروں نے ایسا نہیں کیا تو ان کی ادائیگی روک دی جائے گی۔
 معلوم ہوکہ تقریبا۲۶؍مربع کلومیٹر میں پھیلے میونسپل حدود میں ۹۲؍ چھوٹے اور بڑے نالے ہیں۔پربھاگ سمیتی ایک میں ۱۷؍،پربھاگ سمیتی ۲؍میں ۱۴؍،پربھاگ سمیتی ۳ میں۲۶؍،پربھاگ سمیتی۴؍میں ۱۳؍اور پربھاگ سمیتی۵؍میں ۲۲؍ چھوٹے بڑے نالے اور گٹر ہیں جن صفائی کا ذمہ ٹھیکیداروں کو دیا گیا ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK