Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : کارپوریشن نے کلیان روڈ ا وردیگر اہم راستوں سے غیر قانونی قبضہ ہٹایا

Updated: August 07, 2025, 10:54 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

انتظامیہ کےمطابق تجاوزات سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی تھی، راہگیروں کیلئے چلنے کی جگہ باقی نہیں تھی ، اسکول اور دفاتر جانے میں دشواری ہورہی تھی

A scene from the demolition operation in Bhiwandi.
بھیونڈی میںانہدامی کارروائی کا ایک منظر۔

شہر کے مرکزی راستوں خصوصاً کلیان روڈ، بھادوڑ اور ٹیمگھر علاقے میں ٹریفک جام اور راہگیروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی قبضہ کیخلاف سخت کارروائی کی ہے۔ سڑک کنارے دکانداروں کی جانب سے کی گئی غیر قانونی توسیع اور عارضی ڈھانچوں کے باعث روزانہ ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی جس پر شہریوں کی جانب سے طویل عرصے سے شکایات کی جا رہی تھیں۔میونسپل کمشنر انمول ساگر کی ہدایت پر غیر قانونی قبضہ مخالف مہم شروع کی گئی جس کے تحت پربھاگ سمیتی۲؍ کے بیٹ انسپکٹر رماکانت مہاترے، یشونت ترے اور آکاش بھوئیر کی ٹیم نے جے سی بی  کے ذریعے سڑک کنارے موجود چھجے، شامیانے اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دیں۔افسران نے بتایا کہ تجاوزات کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہو رہی تھی۔ راہگیروں کے لئے چلنے کی جگہ باقی نہ رہنے کے سبب اکثر اسکول  اور دفاتر کے اوقات میں جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی تھی۔ خاص طور پر ایمبولینس اور فائر بریگیڈ جیسی ہنگامی خدمات کو بھی پریشانیوں کا سامنا تھا۔
 انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں کو بھی ٹریفک کی رکاوٹوں سے نجات دی جا سکے۔ افسران نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کنارے تجاوزات سے گریز کریں اور ٹریفک نظام کو بحال رکھنے میں تعاون کریں۔ 
 انتظامیہ کی اس کارروائی کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈر شاداب عثمانی نےظالمانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں نے بارش کے موسم میں سامان کو بچانے کیلئے جو پلاسٹک یا ترپال لگائے تھے، انہیں بھی ظالمانہ طریقے سے ہٹایا جا رہا ہے۔ جب تجاوزات کی بات ہو تو پہلے انہیں نوٹس دیا جانا چاہئے۔ متنبہ کئے بغیر غریب دکانداروں کی روزی پر ضرب مارنا ناانصافی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK