یہاں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کی نگرانی میں زیرِ تعمیر ماں اور بچوں کی نگہداشت والے اسپتال (مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال) کے تعمیراتی کام کے دوران ایک حادثہ پیش آیا۔
ملبہ گرنے سے اسپتال پر لگے پتروں کو نقصان پہنچا۔ تصویر: آئی این این
یہاں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کی نگرانی میں زیرِ تعمیر ماں اور بچوں کی نگہداشت والے اسپتال (مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال) کے تعمیراتی کام کے دوران ایک حادثہ پیش آیا۔ اطلاع کے مطابق اسپتال کی پانچویں منزل پر چھجہ بھرتے وقت سینٹرنگ کا ایک حصہ اچانک گر پڑا جس کے نتیجے میں ملبہ نیچے موجود آئی جی ایم سب ڈسٹرکٹ اسپتال کی چھت پر جا گرا۔ حادثے میں ایک مزدور معمولی طور پر زخمی ہوگیا جبکہ اسپتال کے شیڈ کو نقصان پہنچا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت کام کے مقام پر مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں تھے۔ ملبہ گرنے کے فوراً بعد ٹھیکیدار کمپنی نے جائے حادثہ سے ملبہ ہٹا کر حادثہ کو چھپانے کی کوشش کی مگر حادثے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس نے تعمیراتی نظام کی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپتال کی تعمیر انجام دینے والی کمپنی اسپارک انجینئرنگ کی جانب سے حفاظتی اصولوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے صرف برائے نام ’سیفٹی نیٹ‘ لگایا ہوا ہے جبکہ مزدوروں اور عام شہریوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اندرا گاندھی اسپتال کے بازو میں قومی صحت مشن کے تحت ماؤں اور نومولود بچوں کی نگہداشت کیلئے۲۰۰؍ بستروں پر مشتمل ایک نیا اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے۔ مگر یہ منصوبہ نہ صرف سست رفتاری کا شکار ہے بلکہ اس کے تعمیراتی معیار پر بھی سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے نے بھی تعمیری مقام کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کام کی سست رفتاری اور ناقص مٹیریل کے استعمال پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو تنبیہ کی تھی کہ اسپتال کی تعمیر معیاری انداز میں اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے۔
اسپتال کی تعمیر کرنے والی کمپنی اسپارک انجینئرنگ کے سائٹ انجینئر وجے نراوڈے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ’’ چھجہ بھرتے وقت سینٹرنگ کا ایک حصہ ڈھیلا ہو کر نیچے گر گیا تھا تاہم موقع پر سیفٹی نیٹ نصب تھا۔ آئی جی ایم اسپتال کے شیڈ کو جو نقصان پہنچا ہے، اس کی مرمت جلد کرائی جائے گی۔‘‘