• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: میئرڈپٹی میئر کے انتخابی عمل میں تاخیر، سرکاری حکم نامے کا انتظار

Updated: February 07, 2026, 1:21 PM IST | Bhiwandi

ایوان میں  کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہ ہونے سے غیر یقینی صورتِ حال، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم۔

Bhiwandi Nizampur Municipal Corporation building. Photo: INN
بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے انتخابی نتائج کو ۲۰؍ دن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم تاحال میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق میئر کے انتخاب کیلئے درکار سرکاری حکم نامہ اب تک کوکن کمشنر کے دفتر سے موصول نہیں ہوا، جس کے باعث انتخابی کارروائی مؤخر ہے۔ تھانے، کلیان۔ ڈومبیولی، اُلہاس نگر اور میرابھائندر جیسی دیگر میونسپل کارپوریشنوں میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ بھیونڈی میں اس سلسلے میں اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۲؍ سال قبل خاتون کے قتل کو خود کشی مان کر تفتیش کرنے پر سرزنش

میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں تاخیر کے باعث شہر میں غیر یقینی فضاء قائم ہے۔ مقامی سطح پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر روزانہ میئر کے حوالے سے نئی قیاس آرائیاں، اندازے اور ممکنہ نام زیرِ گردش رہتے ہیں۔ کبھی کسی ایک جماعت یا اتحاد کو اکثریت میں بتایا جاتا ہے، تو چند ہی گھنٹوں بعد کوئی اور سیاسی منظرنامہ سامنے آ جاتا ہے۔ ان غیر مصدقہ اطلاعات کے سبب عوام میں تجسس کے ساتھ ساتھ بے چینی بھی پائی جا رہی ہے، تاہم کسی بھی سیاسی فریق کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ فی الحال بھیونڈی کی تمام نگاہیں کوکن کمشنر کے دفتر سے موصول ہونے والی ہدایات پر مرکوز ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اجازت ملتے ہی میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا عمل آئینی اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد شہر میں جاری تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگا۔ واضح رہے کہ۹۰؍ رکنی میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی سیاسی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہے۔ کانگریس۳۰؍ نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، جبکہ ابی جے پی کے۲۲، شندے سینا کے۱۲، این سی پی (ایس پی) کے۱۲، سماج وادی پارٹی کے۶، کونارک وکاس اگھاڑی کے۴، بھیونڈی وکاس اگھاڑی (ایکتا منچ) کے۳؍ اور ایک آزاد کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔ ایوان میں اکثریت کیلئے ۴۶؍ نشستیں درکار ہیں، جس کے باعث کارپوریشن میں معلق سیاسی صورتِ حال برقرار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK