رکن پارلیمان سریش مہاترے نے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال میں مسائل پربرہمی کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: June 09, 2025, 4:55 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
رکن پارلیمان سریش مہاترے نے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال میں مسائل پربرہمی کا اظہار کیا۔
یہاں کے واحد سرکاری اسپتال میں جاری مسائل او تعمیراتی کام میں تاخیر کی وجہ سے اس کا جائزہ لینے کیلئے رکن پارلیمان سریش مہاترے( بالیا ماما) نے اچانک اسپتال کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اسپتال میں بدانتظامی، گندگی اور تاخیر کا شکار منصوبے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تنبیہ کی اور فوری کارروائی کرنے کا کہا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر انمول ساگر، اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مادھوی پندھارے، ایگزیکٹیو انجینئر جمیل پٹیل، عوامی تعمیرات محکمہ کے ڈپٹی انجینئر دتو گیتے، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سچن نائک اور واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ کے انجینئر سندیپ پٹناور نیز دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ۔
رکن پارلیمان سریش مہاترےنے اسپتال میں بنائے جا رہے۲۰۰؍ بستروں پر مشتمل ’ماں و بچہ نگہداشت مرکز‘ کے کام میں تاخیر پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ قومی صحت مشن کے تحت عوام کی بنیادی ضرورت کیلئے منظور کیا گیا ہے لیکن افسوس کہ کام سست روی کا شکار ہے اور عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہیں مل رہاہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسپتال میں گندے پانی کی نکاسی کے بگڑتے نظام پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ قبل شکایت کے باوجود بیت الخلاء میں جمع پانی، بدبو اور صفائی کی ابتر صورتحال پر میونسپل کارپوریشن نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ اسپتال جیسے حساس ادارے میں اس طرح کی لاپروائی ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’حکومت ان جگہوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے جہاں اس کی ضرورت نہیں ہے لیکن جہاں واقعی کام کرنے کی ضرورت ہے، وہاں سب خاموش بیٹھے ہیں۔ بھیونڈی شہر اور آس پاس کے دیہی علاقوں کے ۱۵؍ لاکھ شہریوں کی صحت کی ذمہ داری اسی اسپتال پر ہے اور یہاں کی حالت افسوسناک ہے۔ انہوں نے ٹھیکیداروں اور متعلقہ محکموں کو خبردار کیا کہ تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے اور اسپتال کی صفائی، پانی اور بیت الخلاء کے نظام کو فوری بہتر بنایا جائےورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔