Inquilab Logo

بھیونڈی: نالے اور فٹ پاتھ کا کام نامکمل ،شہریوں کو دشواریوں کا سامنا

Updated: February 27, 2024, 9:44 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

شہریوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمشنر سے ٹھیکیدار کا بِل روک کر کام کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا۔

The work was left unfinished by the contractor. Photo: INN
ٹھیکہ دار کے ذریعے کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ تصویر : آئی این این

یہاں گائتری نگر علاقے میں ٹھیکیدار کے ذریعہ نالے اور فٹ پاتھ کی تعمیر کا کام مکمل کئے بغیر ہی دوسرے علاقے میں کام شروع کر دینے سے شہریوں کو آمد ورفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ناراض شہریوں نے میونسپل کمشنر سے ٹھیکیدار کا بل روک کر اس کے ذریعہ کئے کام کی اعلیٰ سطحٰ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
 سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے ریاستی تنظیمی سکریٹری سنتوش کمار رائے نے مقامی شہریوں کے دستخط کے ساتھ میونسپل کمشنر اور سٹی انجینئرکوایک میمورنڈم بتایا ہے کہ وارڈ نمبر ۳؍ گائتری نگرمیں ببلو پنڈت کے گھر سے میونسپل کارپوریشن کے عوامی بیت الخلاء تک کنکریٹ کا نالا اور فٹ پاتھ بنانے کا ٹھیکہ میونسپل کارپوریشن نے الہاس نگر کے ایک ٹھیکیدار کو دیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ٹھیکیدار نے جان بوجھ کرنالے اور فٹ پاتھ کا کام مکمل کیے بغیر ادھورا چھوڑ دیا ہے۔ جس کی وجہ سے مقامی شہریوں کو آمدورفت میں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سنتوش رائے نے الزام لگایا ہے کہ ٹھیکیدار کو نیا نالابنانے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ لیکن ٹھیکیدار نے نیا نالہ بنانے کے بجائے پرانے نالے کی مرمت کر کے نیا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں اور بلندیوں کی طرف جانے والی سیڑھیوں کی تعمیر میں بدعنوانی بھی ہوئی ہے۔ ٹھیکیدار نے ادھورا کام چھوڑ کر دوسرا کام شروع کر دیا ہے۔ ٹھیکیدار کی جانب سے نامکمل کام کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
 انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ پربھاگ سمیتی  کے دفتر کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعمیرات سے بھی اس کی شکایت کی گئی ہے۔ لیکن افسران ان کی شکایت پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ سنتوش رائے نے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنراجے ویدیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کے ذریعہ کئے جارہے تعمیراتی کام کی اعلیٰ سطحی جانچ کرائی جائے۔ اس کا بل ادا نہ کیا جائے اور ٹھیکیدار کی طرف سے کئے گئے نامکمل تعمیراتی کام کو جلد مکمل کروایا جائے۔سنتوش رائے نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کارپوریشن کے ترقیاتی کام میں شفافیت لانے کے لیے پورے کام کے متعلق تفصیلات ،اخراجات ،میعاد و دوسرے معلومات پر مشتمل بینر علاقے میں لگایا جائے۔ تاکہ مقامی شہریوں کو معلوم ہو کہ تعمیراتی کام کس حد تک منظور ہو اہے اور اس پر کتنی رقم خرچ ہو رہی ہے وغیرہ۔
 نامکمل تعمیراتی کام کے بارے میں میونسپل کارپوریشن کے سٹی انجینئر (انچارج)  سریش بھٹ نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد انہوں نے مقامی جونیئر انجینئر وسیم انصاری کو بھیج کر صورتحال کی معلومات حاصل کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار کام مکمل کرنے کے لئے تیار ہے۔ لیکن جہاں ٹھیکیدار نے کام ادھورا چھوڑ دیا ہے۔ وہ جگہ متنازع ہے۔ وہاں کے شہری ٹھیکیدار کو کام نہیں کرنے دے رہے ہیں۔ وسیم انصاری نے انہیں بتایا کہ مقامی سابق کارپوریٹر شرد دھولے کے سامنے تعمیراتی مقام پر وہاں موجود لوگ آپس میں جھگڑ پڑے۔ جس کی وجہ سے ٹھیکیدار وہاں کام کرنے سے ڈررہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK