کارپوریشن کے پانچوں وارڈوں میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو ہر ہفتے اپنے علاقوں میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کریں گی۔
EPAPER
Updated: October 16, 2026, 11:11 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
کارپوریشن کے پانچوں وارڈوں میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو ہر ہفتے اپنے علاقوں میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کریں گی۔
شہر میں بڑھتی دھول اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مختلف اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے تحت کارپوریشن کے پانچوں وارڈوں میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو ہر ہفتے اپنے علاقوں میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کریں گی۔ تعمیراتی مقامات پر فضائی آلودگی کی نگرانی کے لئے سینسر پر مبنی ایئر پالیوشن مانیٹر لگانا لازمی ہوگا، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں تیزی سے بڑھتی شہری آبادی، تعمیراتی سرگرمیوں، صنعتی کاموں اور گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فضائی آلودگی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ اس پس منظر میں ہائی کورٹ میں ازخود دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضی کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق آلودگی پر قابو پانے کے لئے مقامی اداروں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں بھی ان ہدایات پر عمل درآمد کے لئے وارڈ سطح سے لے کر شہر کی سطح تک نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔
ہر ہفتے آلودگی کا جائزہ، آٹھ دن میں کارروائی
کارپوریشن کے پانچوں پربھاگ میں متعلقہ وارڈ افسران کی صدارت میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ان میں مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ، ٹریفک پولیس، شہر پولیس، محکمہ ٹرانسپورٹ، صحت، صفائی، ٹاؤن پلاننگ اور تعمیرات سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ان کمیٹیوں کو ہر ہفتے میٹنگ منعقد کرکے اپنے علاقوں میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: غیرقانونی تعمیرات کے خلاف پنویل میونسپل کارپوریشن کی اپنی حدود میں بڑی کارروائی
اس مقصد کے لئے کچی سڑکوں، غیرقانونی تعمیرات، عمارتوں کے انہدام کے مقامات، بیکریوں، بھٹیوں، شمشان بھومی، ٹریفک جام والے علاقوں اور کھلے میں کچرا پھینکنے یا جلانے کی جگہوں کی نشاندہی کرکے فہرست تیار کی جائے گی۔ ہدایت کے مطابق ایسے مقامات کی نشاندہی کے بعد آٹھ دن کے اندر ضروری کارروائی کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ شہریوں میں کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور گیلے و خشک کچرے کو الگ رکھنے کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی مہم بھی چلائی جائے گی۔
تعمیراتی مقامات پر مانیٹر لگانا لازمی
فضائی آلودگی پر نظر رکھنے کے لئے تمام منظور شدہ تعمیراتی مقامات پر سینسر پر مبنی ایئر پالیوشن مانیٹر لگانے ہوں گے۔ ان آلات سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے لئے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں کنٹرول روم قائم کرکے تمام آلات کی مسلسل نگرانی اور ریکارڈ محفوظ رکھنے کا انتظام کیا جائے گا۔ اگر کسی مقام پر آلودگی کی سطح غیرمعمولی طور پر زیادہ پائی گئی تو فوری کارروائی کرکے اس کی رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔
اسی طرح تعمیراتی اور انہدامی مقامات پر خصوصی نگرانی کی جائے گی، خصوصاً وہاں جہاں کھدائی اور توڑ پھوڑ کا کام جاری ہے۔ تعمیراتی ملبے اور کچرے کو ڈھانپنے، مٹی کو اڑنے سے روکنے، سبز حصار بنانے اور ہریالی بڑھانے جیسے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ سڑکوں سے دھول صاف کرنے والی مشینوں پر نگرانی اور ریکارڈنگ کے لئے کیمرے لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔