• Fri, 16 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

معتمرین کے لئے حج عمرہ ٹور آپریٹرس کی نگاہیں ۱۷؍ اکتوبر پر

Updated: October 16, 2026, 10:03 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

عمرہ کے لئے روانہ کئےجانے والےگروپ کا سلسلہ حالات کے سبب وقتی طور پرملتوی۔ معتمرین کووطن لانے کے تعلق سے کوششیں۔ قونصل جنرل جدہ کی جانب سے ایڈوائزری جاری۔

Umrah pilgrims are staying at a hotel in Makkah due to the cancellation of their flights. Photo: INN
عمرہ زائرین پروازمنسوخ ہونے کے سبب مکہ مکرمہ کے ایک ہوٹل میں مقیم ہیں۔ تصویر: آئی این این

معتمرین کیلئےٹور آپریٹرس کی نگاہیں ۱۷؍ اکتوبر پرٹکی ہوئی ہیں۔فی الوقت عمرہ پرروانگی پوری طرح سے رُکی ہوئی ہے ، معتمرین کولانےکی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ حالات کے جلد معمول پر آنے اورشیڈول کے مطابق پروازوں کے اڑا ن بھرنے کی امیدہے مگر یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حوثیوں کے مزیدحملوں کے سبب اوربھی رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ٹورآپریٹرس کی جانب سے تمام تر توجہ اس جانب مبذول کی گئی ہےکہ جو زائرین اور معتمرین عمرہ کرچکے ہیں ،انہیںکسی صورت جلد سے جلد وطن واپس لایا جائے ۔ اس کے علاوہ معتمرین اپنےطور پر بھی عمرہ کیلئے جانے سے ابھی گریز کررہے ہیں تاوقتیکہ حالات میںبہتری نہ آجائے ۔

دوطرح کے مسائل ہیں؟

موجودہ حالات کے سبب دو طرح کے مسائل ہیں ۔ اوّل یہ کہ مقررہ وقت کے بعد جتنے زیادہ دن معتمرین رُکیںگے ،ان کی رہائش اور دیگر اخراجات ٹور آپریٹرس پربڑا بوجھ ہے۔ دوسرے ان کی حفاظت کے ساتھ وطن واپسی کے تعلق سے اہل خانہ بھی ٹورآپریٹرس سے مسلسل پوچھ تاچھ کرتے رہتے ہیںکہ ان کے اپنے کب واپس آئیں گے ، یہ بھی ٹور آپریٹرس کی جواب دہی ہے۔

’’۱۷؍اکتوبر کے بعد ہی کچھ کہا جاسکے گا‘‘

الگ الگ ٹورآپریٹرس سےرابطہ قائم کرنے پر ان کا وہی جواب ہے کہ سعودی عرب کے علاوہ ۱۷؍ اکتوبر تک بیشتر ایئرلائنز نے اپنی خدمات روک دی ہیں، اس کے بعد ان کا کیا فیصلہ ہوتا ہے، اسی حساب سے مزید گروپ بھیجنے کے تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا،ابھی سلسلہ موقوف ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: انتھروپک کا انتباہ: اے آئی ماڈلز ۲۰۲۶ء کے اختتام تک انٹرنیٹ پر اپنی کاپیاں خود بنانے کے قابل ہوگے

ٹور آپریٹرس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیسے اِس وقت حالات ہیں، اس سےان کو بھی ذہنی انتشار رہتا ہے کیونکہ معتمرین کی بحفاظت وطن واپسی ان کی ذمہ داری ہے۔ اس لئے یہ طے کیا گیا ہے کہ کوئی بھی قدم سوچ سمجھ کراٹھایا جائے تاکہ معتمرین کی حفاظت کے تئیں کوئی سوال قائم نہ ہو۔ عمرہ گروپ آگے پیچھے بھیجے جاسکتے ہیں، کینسل بھی کیا جاسکتا ہے مگر معتمرین کو ان کے اہل خانہ تک پہنچانا ،یہ سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہےاور بڑی جواب دہی ہوتی ہے، اس لئے جب تک اطمینان بخش حالات نہیں ہوجاتے، مزید گروپ بھیجنے کا سلسلہ موخر رہے گا ۔ 

’’ہم بھی منتظر ہیں،مسلسل رابطہ قائم کیاجارہا ہے‘‘

ٹور آپریٹرس کی سب سے بڑی تنظیم آ ل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے چیئرمین شوکت تمبولی نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ حالات بہتر ہیں ، تمام معتمرین جو لوٹ نہیں سکے ہیں، اطمینان کے ساتھ مکہ اور مدینے میں ہیں۔ ان کووطن واپس لانے کیلئے ٹور آپریٹرس اپنے طور پر کوشاں ہیںلیکن سنیچر ۱۷؍ اکتوبرتک بیشتر ایئرلائنز نے اپنی خدمات روکی ہیں، ان کی جانب سے کیا فیصلہ کیاجاتا ہے، سبھی کی نگاہیں ان پر ہیں۔  حالات کی مناسبت سے قدم اٹھایا جائےگا۔‘‘ 

قونصل جنرل جدہ نےایڈوائزری میں کیا کہا 

قونصل جنرل جدہ کی جانب سے ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حالات کے سبب ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں کی آمد و رفت میں جاری خلل کے پیشِ نظرتمام ہندوستانی شہریوں خصوصاً عمرہ زائرین جو جدہ اور مدینہ منورہ آ رہے ہیں یا وہاں سے واپس جا رہے ہیں، کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال کی تصدیق کرتے رہیں۔اس کے علاوہ اپنے ٹراویل ایجنٹس، ٹور آپریٹرس اور عمرہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ پروازوں کی منسوخی، اوقات میں تبدیلی، متبادل سفری انتظامات اور ضرورت پڑنے پر رہائش کے انتظامات کے بارے میں بروقت معلومات حاصل ہو سکے۔اس کے علاوہ قونصل جنرل جدہ بھی متعلقہ ایئر لائنز اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ متاثرین کو ضروری مدد اورمعلومات فراہم کی جا سکے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK