عیدالاضحی کے موقع پر بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں پُرامن اور منظم ماحول قائم رکھنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
EPAPER
Updated: May 18, 2025, 8:28 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
عیدالاضحی کے موقع پر بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں پُرامن اور منظم ماحول قائم رکھنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
عیدالاضحی کے موقع پر بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں پُرامن اور منظم ماحول قائم رکھنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اجلاس میونسپل صدر دفتر میں منعقد ہواجس میں شہر میں بقرعید کے انتظامات، صفائی ستھرائی، قربانی کے مقامات، ٹریفک کنٹرول اور عدالتی ہدایات پر عمل درآمد جیسے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام میونسپل کمشنر و ایڈیشنل کمشنر دیوی داس پوار نے کی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی ہائی کورٹ کی رہنمائی میں بقرعید کا تہوار تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ماحول میں منایا جانا چاہیے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ تہوار خوش اسلوبی سے گزر سکے۔ دیوی داس پوار نے افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری اور منصوبہ بندی کے تحت انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی، فضلے کی بروقت نکاسی، روشنی، پانی کی فراہمی اور سیکوریٹی جیسے اہم شعبہ جات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی میونسپل کمشنر بال کرشن شیر ساگر، ڈپٹی میونسپل کمشنر وکرم دراڈے سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور محکمہ جاتی سربراہان شریک ہوئے۔ تمام محکموں نے اپنی تیاریوں اور حکمت عملی سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ شہریوں کو عیدالاضحی کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور قربانی کا عمل مقررہ ضابطوں کے مطابق انجام پائے گا تاکہ شہر میں صفائی، سکون اور ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے۔