آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے محکمۂ بجلی متحرک، گودام مالکان کو نوٹس جاری کیا گیا،جلد از جلدسیفٹی آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت۔
فائر بریگیڈ کے اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
شہر کے صنعتی و تجارتی گوداموں میں بڑھتی ہوئی آتشزدگی کے واقعات نے انتظامیہ اور محکمۂ بجلی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے بیشتر واقعات الیکٹریکل شارٹ سرکٹ کے سبب پیش آتے ہیں، جس کی اصل وجہ گودام مالکان کی جانب سے الیکٹریکل سیفٹی آڈٹ نہ کرایا جانا ہے۔ بجلی کے پرانے اور ناقص نظام، اوور لوڈنگ اور غیر معیاری کیبلنگ نے ان گوداموں کو حادثات کا گڑھ بنا دیا ہے۔
محکمۂ بجلی نے اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بھیونڈی کے گودام مالکان کے خلاف ایک منظم مہم شروع کی ہے۔ ایسے تمام گوداموں کو نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں جنہوں نے اب تک برقی معائنہ نہیں کرایا۔ مقصد یہ ہے کہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ مستقبل میں کسی بڑی تباہی سے بچا جا سکے۔
بھیونڈی کے انجور پھاٹا، رہنال، پورنا ، کالہیر ، داپوڑا ، ساوڈے، لوناڈ، سونا دیوی لاجسٹکس اور ایم آئی ڈی سی صنعتی علاقے میں ہزاروں گودام موجود ہیں۔ یہاں کیمیکل، کپڑا، کورئیر، پلاسٹک اور الیکٹرانک اشیاء کے بڑے ذخیرے رکھے جاتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں انہی علاقوں میں درجنوں مرتبہ خوفناک آتشزدگی کی واقعات ہوچکے ہیں، جن میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، کئی مزدور جھلس گئے اور مقامی باشندے خوف و دہشت میں مبتلا ہیں۔تھانے ڈویژن نمبر ۲؍کے اسسٹنٹ الیکٹریکل انسپکٹر جادھو نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں پیش آنے والے بیشتر حادثات میں الیکٹریکل فالٹ ہی بنیادی وجہ پائی گئی ہے۔ ان کے مطابق متعدد گوداموں میں برقی نظام کا برسوں سے معائنہ نہیں ہوا، ارتھنگ ناقص ہے، کیبل خستہ حال ہیں اور اوپن وائرنگ کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ بیشتر گوداموں میں فائر سیفٹی آلات موجود ہی نہیں ہیں اور جہاں ہیں وہاں وہ غیر فعال پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس غفلت نے پورے علاقے کو ’’ممکنہ برقی حادثات کے ہاٹ اسپاٹ‘‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھیونڈی مہاراشٹر کا سب سے بڑا لاجسٹکس اور ویئرہاؤس حب ہے، جہاں سے ریاست بھر میں مال سپلائی کیا جاتا ہے۔ اگر برقی سلامتی کو ترجیح نہ دی گئی تو یہ نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کرے گا بلکہ ہزاروں مزدوروں کے روزگار، شہری سلامتی اور مقامی معیشت کے لئے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
الیکٹریکل انسپکٹر راجیش یادو نے بتایا کہ بڑھتے ہوئے خطرات کو دیکھتے ہوئے محکمۂ بجلی، فائر بریگیڈ اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر متعدد اقدامات شروع کئے ہیں۔ ان میں شامل ہیں کہ ہر گودام اور صنعتی عمارت میں سالانہ الیکٹریکل سیفٹی آڈٹ لازمی کیا جائے۔بغیر آڈٹ رپورٹ کے کسی گودام کو بجلی کنکشن یا لائسنس نہ دیا جائے۔ہر ۳؍ ماہ بعد فائر اور برقی نظام کی مشترکہ جانچ کی رپورٹ متعلقہ دفتر میں جمع کرائی جائے۔خلاف ورزی کرنے والے گوداموں پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ان کی بجلی عارضی طور پر منقطع کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ’’الیکٹریکل سیفٹی آڈٹ‘‘ محض ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ زندگی، صنعت، سرمایہ اور ماحول کی حفاظت کیلئے ناگزیر ڈھال ہے۔ محکمہ نے تمام گودام مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ تاخیر کئے بغیر آڈٹ مکمل کرائیں تاکہ بھیونڈی کے صنعتی علاقوں کو حادثات سے پاک اور محفوظ بنایا جاسکے۔