• Mon, 13 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی ٹیریف کو چین نے ’منافقانہ عمل ‘ قراردیا، کہا جنگ سے نہیں ڈرتے

Updated: October 13, 2025, 2:44 PM IST | Agency | Beijing

نایاب معدنیات کی برآمدی پابندیوں کا دفاع کیا، تاہم جوابی محصولات عائد کرنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔

Trump and Jinping. Photo: INN
ٹرمپ اور جن پنگ کی۔ تصویر: آئی این این
چین نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر عائد کیے گئے تازہ ٹیرف کومنافقانہ قرار دیتے ہوئے نایاب ارضی معدنیات اور متعلقہ ٹیکنالوجی پر اپنی برآمدی پابندیوں کا دفاع کیا ہے، تاہم بیجنگ نے امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات عائد کرنے سے گریز کیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ہم جنگ سے نہیں ڈرتے۔ رائٹرز کی رپورٹ  کے  مطابق ٹرمپ نے جمعہ کو چین کی برآمدی پابندیوں کے ردِعمل میں چینی مصنوعات پرصدفیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے  اور یکم نومبر سے امریکی سافٹ ویئرز کی برآمد پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا تھا۔
تجارتی کشیدگی میں اس نئے اضافے نے عالمی منڈیوں، بالخصوص  وال اسٹریٹ اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے رواں ماہ کے آخر میں ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ممکنہ اجلاس پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
چینی وزارتِ تجارت کا اتوار کو جاری کیا گیا بیان، ٹرمپ کی جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کی گئی طویل پوسٹ کا پہلا براہِ راست جواب تھا، جس میں ٹرمپ نے الزام لگایا تھا کہ بیجنگ نے اچانک تجارتی کشیدگی بڑھا دی ہے، حالاں کہ۶؍ ماہ پہلے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان ایک عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا تاکہ دونوں ممالک بغیر بلند ٹیرف کے تجارت کر سکیں۔ وزارتِ تجارت نے اپنے بیان میں کہا کہ نایاب ارضی معدنیات پر برآمدی کنٹرول، گزشتہ ماہ میڈرڈ میں ہونے والے دوطرفہ تجارتی مذاکرات کے بعد، امریکہ کی متعدد کارروائیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔  بیجنگ نے مثال کے طور پر کہا کہ واشنگٹن نے چینی کمپنیوں کو امریکی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کیا اور چین سے وابستہ بحری جہازوں پر بندرگاہی فیس عائد کی۔  وزارت نے کہا کہ امریکی اقدامات نے چین کے مفادات کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور دوطرفہ اقتصادی و تجارتی مذاکرات کے ماحول کو متاثر کیا ہے، چین ان اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔  بیجنگ نے اگرچہ ان امریکی اقدامات کو اپنی نایاب ارضی عناصر کی برآمدی پابندیوں سے براہِ راست منسلک نہیں کیا، لیکن کہا کہ یہ پابندیاں ان مواد کے عسکری استعمال کے خدشات کی وجہ سے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب `دنیا میں عسکری تنازعات بڑھ رہے ہیں۔ٹرمپ نے کہا تھا کہ پچھلے۶؍ مہینوں میں ہمارا چین کے ساتھ تعلق بہت اچھا رہا ہے، اسی لیے تجارت کے حوالے سے یہ قدم مزید حیران کن ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK