Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : سیکڑوں غیر قانونی کیمیکل گوداموں سے مکینوں کو شدید خطرہ

Updated: May 19, 2025, 10:46 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

شکایات کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی پرلوگ ناراض، مقامی سیاسی لیڈر نے نائب وزیراعلیٰ سے شکایت کا انتباہ دیا

A scene from a horrific fire in a warehouse in Bhiwandi this month.
رواں ماہ بھیونڈی کے ایک گودام میں بھیانک آتشزدگی کا منظر۔

مضافات اور دیہی علاقوں میں واقع گودام کے علاقوں میں غیر قانونی کیمیکل گوداموں   نے لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان گوداموں میں بڑی مقدار میں آتش گیر کیمیکل ذخیرہ کیا جا رہا ہے، وہ بھی بغیر کسی لائسنس، قانونی منظوری یا حفاظتی بندوبست کے۔ یہ گودام اکثر گنجان رہائشی علاقوں کے بیچوں بیچ قائم ہیں۔
 اطلاعات کے مطابق سیکڑوں گودام ایسے ہیں جہاں خطرناک اور زہریلے کیمیکل غیر قانونی طور پر ذخیرہ کئے جا رہے ہیں۔ ان گوداموں کے پاس نہ فائر سیفٹی این او سی ہے، نہ ماحولیاتی منظوری اور نہ ہی ذخیرہ کرنے کا لائسنس، اس کے باوجود یہ بے خوفی سے کام کر رہے ہیں — اور متعلقہ سرکاری محکمے مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
 علاقہ کے مکینوں نے کئی بار ان گوداموں کے خلاف شکایات درج کرائی ہیں۔ وقفے وقفے سے چھوٹے موٹے حادثات بھی ہوئے ہیں مگر انتظامیہ کی جانب سے کبھی کوئی سنجیدہ یا وسیع کارروائی نہیں کی گئی۔ کبھی کبھار ایک آدھ گودام سیٖل کر کے فائل بند کر دی جاتی ہے جسے مقامی افراد’کاغذی کارروائی‘ قرار دیتے ہیں۔
 این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے ضلعی صدر پروین پاٹل کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، پولیس اور  محکمہ ماحولیات کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ معاملہ محض لاپروائی کا نہیں بلکہ جان بوجھ کر کی جانے والی چشم پوشی کا ہے۔ ان کے بقول کئی افسران اور اہلکار ان کیمیکل مافیا کے   جال میں پھنسے ہوئے ہیں۔پروین پاٹل نے الزام لگایا ہے کہ راہنال، پورنا، کوپر، مانکولی، کالہیر، داپوڑہ اور کشیلی جیسے علاقوں میں سیکڑوں گودام سرکاری، جنگلاتی اور چراگاہی زمین پر ناجائز قبضہ کر کے تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی سنگین الزام عائد کیا کہ کئی گودام مالکان کروڑوں روپے کا انشورنس کروا کر جان بوجھ کر آگ لگاتے ہیں تاکہ کلیم وصول کر سکیں۔ — یہ نہ صرف مالی دھوکہ دہی ہے بلکہ مجرمانہ سازش بھی ہے۔
 پروین پاٹل نے اعلان کیا ہے کہ وہ یہ مسئلہ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے سامنے رکھیں گے اور مطالبہ کریں گے کہ ان غیر قانونی اور خطرناک گوداموں کے خلاف فوری اور ٹھوس کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت اب بھی حرکت میں نہ آئی تو کسی بڑی تباہی کے بعد سب کو صرف پچھتاوا ہی   ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK