Inquilab Logo

بھیونڈی: پہلی ہی بارش میں شہری انتظامیہ کی قلعی کھل گئی

Updated: June 25, 2022, 9:35 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

نالے کا پانی سڑکوں پر بہنے لگا، غیبی نگر اور شانتی نگر روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ، کامت گھر ، گلزار نگر ، اعظمی نگر ، پدمانگر ، ہنڈی کمپاؤنڈ اور قاری ولی روڈ پر نالوں کی گندگی پھیل گئی

Efforts are being made to drain the sewage flowing on the road.
سڑک پر بہنے والے گندے پانی کی نکاسی کی کوشش کی جارہی ہے۔ (تصویر: انقلاب)

بدھ کوپہلی ہی  بارش میں شہر کے نالے اُبل پڑے اور گندہ  پانی سڑکوںپرآگیا ۔ اس سے  شہری انتظامیہ کے نالے صفائی کے سبھی دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔پہلی اور معمولی بارش میں ہی  نالوں کا پانی بہہ کر باہر آجانے سے  شہریوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ انہوں نے میونسپل کمشنر سے درخواست کی  ہےکہ بارش کے ایام میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں۔
 بدھ کی شام   ہونے والی بارش  سے میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ نالا صفائی کے نام پر صرف خانہ پُری کا پتہ چلا۔اس سے  شہریوں میںتشویش پائی جارہی ہے۔نالے کی صفائی نہ ہونے کے سبب ہلکی سی  بارش سے  نالےکا پانی سڑکوںپرآگیا اورنالوں میں بھری گندگی کچروں کے ساتھ سڑک پر بہنے لگی۔غیبی نگر ، شانتی نگر روڈپر کئی فٹ  پانی جمع ہوگیا تھا۔اسی طرح کامت گھر، گلزار نگر،اعظمی نگر، پدما نگر،ہنڈی کمپاؤنڈ اورقاری ولی روڈجیسے علاقوں میں سڑکوں پر نالوں کی گندگی آجانے کے سبب سارے شہر میں تعفن اور کیچڑپھیل گیا جس کے سبب شہریوں کو سڑکوں پر پیدل اور سواریوں سے گزرنے میں زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔خصوصی طور پر مصلیان کو مسجدوں میں جانے میں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑاتھا ۔ عوام میں اس تعلق سے میونسپل انتظامیہ کے تئیں زبردست غصہ ہے۔
 واضح ہوکہ بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر سال بارش سے قبل شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کا کام بڑے پیمانے پر کیا جاتا تھا،جس سے بارش کے  پانی کی نکاسی ممکن ہوجاتی تھی لیکن گزشتہ چندبرسوں سے نالا صفائی کے نام پر مبینہ طور پرصرف روپوں کی بربادی کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں کیا جارہا ہے۔اس سال بھی کچھ ایسی ہی کیفیت رہی۔بتایا جاتا ہے کہ کم وقت ہونے کے باوجود نالوں کی صفائی  میں ٹھیکیداروں نے جان بوجھ کرسست روی سے کام لیا  تاکہ بارش کے پانی سے کچرا خود بخود بہہ جائے۔تشویش کی بات یہ ہے کہ جن چھوٹے بڑے نالوں کی کچھ صفائی  بھی کی گئی تھی تو ان میں سے نکالا جانے والا کوڑاکرکٹ ڈمپنگ گراؤنڈ میں پھیلنے کے بجائے سڑکوں پر ہی چھوڑ دیا گیا ہے جس کے سبب وہ کچرا ایک مرتبہ پھر نالوں میں چلاگیا ہے اوربارش ہونے پرکیچڑ بن کر سڑکوں پر آرہا ہے۔
 شہریوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل انتظامیہ کی ملی بھگت سے نالا صفائی کرنے والے ٹھیکیدار ’نالا صفائی کے بجائے کارپوریشن کے پیسوں کی صفائی‘’کرتے ہیں۔نالا صفائی میں ہوئی تساہلی اور غیر اطمینان بخش کام سے شہریوں کو اندیشہ ہے کہ کہیں شہر میں سیلابی کیفیت نہ پیدا ہوجائے۔انہوں نے میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال سے درخواست کی  ہےکہ بارش کے ایام میں شہریوں کو تحفظ گراہم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں۔
 

 معلوم ہوکہ میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال نے ذرائع ابلاغ  کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے  اس سال شہر میں ۹۵؍  فیصد نالوں کی صفائی کا دعویٰ کیا تھا۔ جب  میڈیا کے نمائندوں نے شہر کے کئی علاقوں کا  ذکر کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ نالے  صفائی کا کام صرف کاغذ پر ہی نظر آرہا ہے تو انہوں نے کہا تھا کہ اس سال نالے کی صفائی کا کام بہترین انداز میں ہوا ہے۔  نالوں کی صفائی کا۹۵؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، بقیہ کام بھی عنقریب مکمل کرلیا جائے ۔ 
  میونسپل کمشنر کے نالے صفائی کے دعوے کے باوجود شہر کے کئی علاقوں میں نالوں کی صفائی نہ ہونے سے معمولی بارش سے گندہ پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔  نالا صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بھیونڈی-ناسک روڈ پر پٹیل نگر میں ندان ہوٹل کے پاس نالے کا گندہ  پانی  سڑک پر بہہ رہا تھا۔  اسی طرح شانتی نگر روڈ پر واقع تاج ہوٹل کے قریب نالے کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے  گندہ پانی سڑک پر بہہ رہا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
   میونسپل کارپوریشن کے چیف سینی ٹیشن انسپکٹر جے ایم سوناونے نے بتایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار نے نالے کی صفائی کے بارے میں غلط معلومات دی ہے۔ غیبی نگر، تاج ہوٹل سمیت کئی علاقوں میں نالے کی صفائی کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر ریاض اعظمی اور مقامی سماجی کارکن دانش اعظمی نے میونسپل کارپوریشن کے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ محکمہ صفائی کے افسران کی ملی بھگت سے نالے کی صفائی کا کام ٹھیکیدار نے مکمل نہیں کیا ہے۔  محکمہ صفائی نے میونسپل کمشنر کو غلط معلومات دے کر گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔  انہوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمشنر مہسال اس کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صفائی کے افسران سمیت متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کریں۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK