شہراور مضافات میں شفاف، پُرامن اورمنظم انتخابات کے لئے انتظامات، سیکوریٹی اور ضابطۂ اخلاق پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا۔
کارپوریشن کے صدر دفتر میں منعقد کی گئی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں افسران تبادلہ ٔخیال کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کو شفاف، منظم اور پُرامن طریقے سے منعقد کرنے کے مقصد سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کارپوریشن کے صدر دفتر میں منعقد کی گئی جس کی صدارت میونسپل کمشنر و الیکشن افسر انمول ساگر نے کی۔ اس میٹنگ میں انتخابی انتظامات، سیکوریٹی، افرادی قوت اور ضابطۂ اخلاق پر عمل درآمد سے متعلق تمام اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میونسپل کمشنر نے انتخابی عمل سے وابستہ تمام افسران کو ہدایت دی کہ پولنگ مراکز پر ووٹروں کو بنیادی سہولتیں بروقت فراہم کی جائیں، انتخابی دفاتر کے لئے مطلوبہ عملہ اور انتخابی مواد کی کسی بھی سطح پر کمی نہ رہے اور تمام انتظامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں۔ ووٹرلسٹ کے تعلق سے انہوں نے واضح ہدایت دی کہ ہر پولنگ اسٹیشن کی سطح پر درست، تازہ اور مرکز وار ووٹر لسٹ فوری طور پر تیار کی جائے تاکہ ووٹنگ کے دن کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
خواتین ووٹروں کی سلامتی اور شناخت کے معاملے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے میونسپل کمشنر نے ہدایت دی کہ برقع پوش خواتین ووٹروں کی شناخت کو باوقار اور سہل بنانے کے لئے پولنگ مراکز پر خواتین ملازمین کی خصوصی طور پر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔میٹنگ میں ڈپٹی پولیس کمشنر ششی کانت بوراتے نے انتخابی ضابطۂ اخلاق کی سختی سے عمل آوری پر زور دیا۔ انہوں نے شہر بھر میں لگے سیاسی بینرز اور ہورڈنگس کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت کے بعد اگر کوئی ہورڈنگ یابینر پایا گیا تو متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اور سخت کارروائی کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔
سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی پولیس کمشنر نے اسٹیٹک سرویلنس ٹیم (ایس ایس ٹی) کو فوری طور پر فعال کرنے، حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور پولنگ کے دوران کڑی نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔پرانت افسر امیت سانپ نے عملے کی تربیت، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) اور دیگر انتخابی مشینوں کی جانچ اور تیاریوں سے متعلق تفصیلی جانکاری پیش کی۔میونسپل کمشنر نے انتخابی افسران کے لئے گاڑیوں، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو تمام سہولتیں بروقت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر وٹھل ڈاکے، نینا سسانے، ڈپٹی پولیس کمشنر ششی کانت بوراتے، پرانت افسر امیت سانپ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسر (تھانے) ششی کانت گایکواڑ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسر (رتناگیری) ہرشلتہ گوڈام، ممبئی اور پالگھر اضلاع کے مختلف افسران، تحصیلدار اور میونسپل کارپوریشن کے سینئر افسران بڑی تعداد میں موجود تھے۔