• Tue, 09 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : مسودہ ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیاں ، ۱۳۵۹؍اعتراضات درج

Updated: December 08, 2025, 10:02 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کیلئے تیار کی گئی مسودہ ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہونے کے بعد انتخابی شعبہ شہریوں کے اعتراضات سے بھر گیا ہے۔ مقررہ مدت میں مجموعی طور پر ایک ہزار۳۵۹؍ اعتراضات موصول ہوئے جس کے باعث انتظامیہ کے سامنے ترمیم و اصلاح کا بڑا چیلنج ہے-

Citizens complain that their names have been listed in the wrong wards. (File photo)
شہریوں کی شکایت ہے کہ ان کے نام غلط وارڈوں میں درج کئے گئے ہیں۔(فائل فوٹو)

میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کیلئے تیار کی گئی مسودہ ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہونے کے بعد انتخابی شعبہ شہریوں کے اعتراضات سے بھر گیا ہے۔ مقررہ مدت میں مجموعی طور پر ایک ہزار۳۵۹؍  اعتراضات موصول ہوئے جس کے باعث انتظامیہ کے سامنے ترمیم و اصلاح کا بڑا چیلنج ہے- تمام اعتراضات کی جانچ کر کے ۱۰؍ دسمبر تک اصلاح شدہ ووٹر لسٹ تیار کرنے کی ذمے داری انتظامیہ پر ہے۔
  شہریوں کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ ان کے نام غلط وارڈوں میں درج کئے گئے ہیں جبکہ کئی وارڈوں میں ووٹروں کی حقیقی تعداد کم دکھائی گئی ہے۔ متعدد مقامات پر دوہرا اندراج  بھی سامنے آیا ہے، جس پر ووٹرز نے شدید ناراضی ظاہر کی ہے۔کچھ شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ ووٹر لسٹ کی تیاری میں سیاسی مداخلت کے باعث جان بوجھ کر مخصوص علاقوں میں نام کم کئے گئے ہیں تاکہ انتخابی نتائج پر اثر پڑ سکے۔
 سابق کارپوریٹر شاف مومن نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ ووٹر لسٹ نمبر ۱۷۷؍ کو وارڈ نمبر ۷؍میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ نقشے کے مطابق یہ پورا علاقہ وارڈ نمبر ۸؍میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لسٹ کے۱۳۸۲؍  ووٹر اصل میں میرے وارڈ نمبر ۸؍ کے ہیں مگر انہیں وارڈ نمبر۷؍میں نشان زد کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک بڑی غلطی ہے اور اسے فوراً درست کیا جانا ضروری ہے۔‘‘
 آر پی آئی ایکتا وادی کے ریاستی صدر اور کارپوریشن کے سابق اپوزیشن لیڈر وِکاس نکم نے دعویٰ کیا کہ حد بندی اور ووٹر لسٹ کی تیاری میں انتظامیہ نے ’سیاسی دباؤ‘ کے تحت فیصلے کئے۔ ان کے مطابق پربھاگ ۳، ۱۱؍ اور ۱۲؍ میں مقامی سطح پر کوئی اعتراضات درج نہ ہونے کے باوجود حدبندی میں غیر ضروری تبدیلیاں کی گئیں، جو الیکشن کمیشن کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پربھاگ نمبر ۱۲؍ کے ووٹروں کو دانستہ طور پر پربھاگ نمبر۳؍میں شامل کیا گیا، جسے وہ انتخابی نقشہ اپنے حق میں تبدیل کرنے کی منظم کوشش قرار دیتے ہیں۔ مزید یہ کہ انتخابی عمل کی خفیہ معلومات منتخب نمائندوں تک غیر رسمی طور پر پہنچنے کے الزامات نے اس معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے۔میونسپل الیکشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ و اسسٹنٹ کمشنر اجیت مہاڈک نے بتایا کہ تمام اعتراضات کی تفصیلی جانچ کی جائے گی۔ اس کے لئے متعلقہ بیٹ انسپکٹر، متعلقہ عملہ اور بی ایل او کی مدد سے موقع پر جا کر حقائق کی تصدیق کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اصلاح شدہ ووٹر لسٹ مقررہ وقت میں جاری کرنے کی مکمل کوشش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK