منگل مورتی ڈائنگ میں آتشزدگی کے بعد محکمہ توانائی حرکت میں آیا، تمام یونٹس کا برقی معائنہ لازمی
منگل مورتی ڈائنگ میں گزشتہ دنوں لگی آگ کا فائل فوٹو۔ تصویر:آئی این این
یہاں صنعتی زون میں بڑھتے ہوئے آتشزدگی کے واقعات نے محکمہ توانائی کو سخت قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ سرولی ایم آئی ڈی سی میں واقع منگل مورتی ڈائنگ میں گزشتہ دنوں لگنے والی آگ کے بعد محکمہ نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے تمام صنعتی یونٹس میں الیکٹرک سیفٹی کی وسیع پیمانے پر جانچ مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد آتشزدگی پر قابو پانا اور برقی حفاظت کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔
منگل مورتی ڈائینگ میں تھرمولیکج نے مچائی تباہی
واضح رہے کہ۸؍ نومبر کو منگل مورتی ڈائینگ میں صبح سویرے اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے چند ہی گھنٹوں میں ۳؍ منزلہ عمارت کو تباہ کر دیاتھا۔معاون برقی معائنہ کار ارون جادھو کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واضح ہوا کہ آگ تھرمل پیک میں لیکج کے باعث لگی تھی۔ مزید معائنے میں کمپنی کے اندر الیکٹرک سیفٹی سے متعلق سنگین خامیاں بھی سامنے آئیں، جس کے بعد کمپنی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرکے ۳۰؍ دن کے اندر جواب طلب کیا گیا ہے۔
ارتھنگ سے لیکر آر سی سی بی تک مکمل جانچ
منگل مورتی ڈائنگ کے واقعے کے بعد برقی معائنہ کار راجیش یادو نے شہر بھر کی ڈائنگ، سائزنگ اور پروسیس یونٹس میں الیکٹرک سیفٹی آڈٹ کی ہدایت دی ہے۔اس مہم کے تحت ارتھنگ سسٹم،مین وائرنگ،ٹرانسفارمر،آر سی سی بی، مشینری کا برقی لوڈ، کنکشن اور دیگر اہم برقی حصوں کی جانچ کی جائے گی۔ جہاں بھی خامیاں ملیں گی، فوراً درستگی کے نوٹس جاری کئے جائیں گے اور مقررہ مدت میں اصلاح نہ ہونے پر محکمہ توانائی قانونی کارروائی کرے گا۔
۲۵۰؍سے زائد یونٹس میں سیفٹی سسٹم کمزور
بھیونڈی کے صنعتی علاقوں میں ۲۵۰؍ سے زیادہ ڈائنگ، سائزنگ اور پروسیس ہاؤس قائم ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان میں اکثر یونٹس میں معیاری فائر فائٹنگ سسٹم موجود نہیں ہے۔ برقی نظام کی وقتاً فوقتاً دیکھ بھال بھی نہیں ہوتی ہے۔ سیفٹی پروٹوکول پر عمل نہ ہونے کے باعث خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہی غفلتوں کے نتیجے میں یہاں آئے دن شارٹ سرکٹ اور مشینری اوور لوڈنگ کی وجہ سے آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
محکمہ کی اپیل
ارون جادھو نے صنعتکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکٹرک سیفٹی کے تمام اصولوں پر سختی سے عمل کریں، حفاظتی آلات کی بروقت مرمت و تبدیلی کریں اور برقی نظام کی باقاعدہ سرویسنگ کو ترجیح دیں۔ان کے مطابق اس مہم سے نہ صرف آتشزدگی کے واقعات میں کمی آئے گی بلکہ صنعتی علاقوں کا برقی تحفظ بھی مؤثر اور مضبوط ہوگا۔