Inquilab Logo

بھیونڈی: قومی شاہراہ کی توسیع سے مقامی افراد پریشان، بلڈر لابی کو فائدہ پہنچانے کا الزام

Updated: April 20, 2024, 8:50 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

یہاں ممبئی ناسک قومی شاہراہ سے ٹریفک کے خاتمے کیلئے شاہراہ کی توسیع کاکام جاری ہے۔ اس توسیعی کام پر کسانوں کی تنظیم نے بلڈروں کے مفاد میں کام کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

8 to 10 feet high mud pile can be seen due to the construction work of the national highway. Photo: INN
قومی شاہراہ کے تعمیراتی کام کی وجہ سے ۸؍سے ۱۰؍فٹ اونچا مٹی کا ڈھیر دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں ممبئی ناسک قومی شاہراہ سے ٹریفک کے خاتمے کیلئے شاہراہ کی توسیع کاکام جاری ہے۔اس توسیعی کام پر کسانوں کی تنظیم نے بلڈروں کے مفاد میں کام کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔کسانوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے احتجاج پر مثبت کارروائی کے بجائے انتظامیہ نے پولیس کے ذریعہ نوٹس بھیج کر مظاہرین کوخاموش رہنے پر مجبور کردیا ہے۔  
واضح رہےکہ بھیونڈی سے ملحق گودام کے بڑھتے ہوئے کاروبار کے سبب  ممبئی ناسک قومی شاہراہ پر بھیونڈی تھانے بائی پاس روڈ پر بڑے پیمانے پر ٹریفک جام رہتا ہے۔ اس کے سبب تھانے، ممبئی اور دوسرے شہروں میں جانے والے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس پریشانی کو دور کرنے کیلئے کھریگاؤں تا وڈپا روڈ پر ۴؍ لین والی سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ تا ہم سڑک کی اس توسیع اور ٹھیکیدار کے ذریعہ جاری کام پر  مقامی افراد نے انگلی اُٹھائی ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ سڑک کو چوڑا کرنے کا کام معیاری نہ ہونے کی وجہ سے اس سڑک پر واقع پمپلاس گاؤں کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جامع مسجد معاملےمیں سپریم کورٹ کی اپنےعبوری فیصلے میں ترمیم ،چابیاں میونسپل کونسل کےسپرد کرنےکا حکم

پمپلاس گاؤں کے مرکزی دروازے کے سامنے۸؍ سے ۱۰؍ فٹ اونچی مٹی بھر کر سڑک بنائی گئی ہے  جس کی وجہ سے گاؤں والوں کو گاؤں کے اندر جانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حالانکہ اس گاؤں میں جانے کیلئے گرام پنچایت کی جانب سے عارضی انتظامات کئے گئے ہیں۔ لیکن اگر کوئی مسافر یا ڈرائیور گاؤں کی جانب جانے والی اس  عارضی سڑک کوکسی طرح نظر  انداز کردے تو ۴؍ پہیوں والی گاڑیوں  کو ۲؍ کلومیٹر آگے جا کر مانکولی فلائی اوور کے نیچے سے یا پھر ۳؍کلومیٹر پیچھے جاکربھیونڈی راجنولی ناکہ سے فلائی اوور کے نیچے سے یو ٹرن لینا پڑتا ہے۔
 بھومی پتر شیتکری سنگھٹن کے صدرجگدیش پاٹلے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک کی توسیع کرنے کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑک کی اونچائی بڑھا دی گئی ہے۔ جس پر بھومی پترشیتکری سنگھٹن نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھاکہ سڑک کی اونچائی بلڈروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی گئی ہے۔مظاہرین کامطالبہ تھاکہ یہاں سے پمپلاس گاؤں تک ایک سب وے بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ اس مطالبے کو نظر اندازکرکے سب وے کا مطالبہ کرنے والوں کو کونگاؤں پولیس نے نوٹس جاری کرکے آندولن کو ہی خاموش کردیا۔اورسڑک کی اونچائی مزیدبڑھا دی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنے گاؤں میں داخل ہونے میں شدید دشواریوںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی انتخابات کے پیش نظر کام کو تیزی سے کرنے کی کوشش میں گھٹیا درجے کا کام کیا جارہا ہے۔ سڑک کئی مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے  جس سےمانسون میں مسافروں کو مزید پریشانی ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK