ہر سال میونسپل کارپوریشن کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے،لائسنس ڈپارٹمنٹ پر لاپروائی کا الزام
EPAPER
Updated: September 24, 2022, 9:53 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
ہر سال میونسپل کارپوریشن کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے،لائسنس ڈپارٹمنٹ پر لاپروائی کا الزام
میونسپل کارپوریشن کی حدود میں غیرقانونی بینرس اور پوسٹرس کی بھرمار ہے۔ شہر کے تقریباً سبھی اہم مقامات، چوراہوں، شاہراہوں اور گلیوں کے بجلی کے کھمبوں،دیواروں اور دیگر مقامات پر سیاسی جماعتوں،تاجروں کے تشہیری بینرس،یوم پیدائش ،کسی عہدے کی حصولیابی ،امتحان میں کامیابی کی مبارکباد ، اعلانات اور سیاحتی مقامات کے پیکیج نیز دیگر چیزوں کی تشہیر کے سیکڑوں بینرس اور پوسٹرآویزاں ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن انہیں ہٹانے اور انہیں لگانے والوں پر کسی بھی طرح کی کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔شہری انتظامیہ کے لائسنس ڈپارٹمنٹ کی اس لاپروائی سے میونسپل کارپوریشن کو ہر سال لاکھوں روپوں کا نقصان ہورہا ہے۔ شہریوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں لاپروائی برتنے کی شکایت کرتے ہوئے خاطی میونسپل افسران پرکارروائی کرنے کا مطالبہ میونسپل کمشنر اور انتظامی افسروجے کمار مہسال سے کیا ہے۔
یاد رہے کہ میونسپل کمشنر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے منصوبہ بندی اور بیداری مہم چلارہے ہیں،دوسری جانب کارپوریشن کے لائسنس ڈپارٹمنٹ کے افسران اوراہلکارمبینہ طورپر سیاسی جماعتوں کے دباؤ اور اپنے ذاتی فائدے کیلئے شہر کو گندہ کر کےمیونسپل کارپوریشن کا ہر سال لاکھوں روپوں کا نقصان کررہے ہیں۔ افسران ہائی کورٹ کے احکامات کو نظرانداز کرکے اہم مقامات ،چوراہوں،گلیوں اور شاہراہوں پرسیاسی جماعتوں،تاجروں اور مختلف اشیاء کی تشہیر کیلئے دیواروں، بجلی کے کھمبوںاور دیگر مقامات پر بینرس اورپوسٹرس لگادیتے ہیں۔ ان غیرقانونی بینرس اور پوسٹرس کو میونسپل افسران دیکھ کر بھی انجان بن جاتے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس طرح کے سیکڑوں بینرس اور پوسٹرس میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے احاطے اور پربھاگ سمیتیوں کے دفاتر کے اطراف بھی لگے ہیں جنہیں صبح وشام دفتر آتے جاتے وقت میونسپل افسران دیکھتے ہیں پھر بھی کوئی ایکشن نہیں لیتے ۔
شہریوں نے لائسنس ڈپارٹمنٹ کے افسران پرسنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بتایا کہ لائسنس محکمہ غیرقانونی بینرس اور پوسٹرس کے تعلق سے جان بوجھ کر کوئی کارروائی نہیں کرتا۔یہی وجہ ہے کہ اس تعلق سےکی جانے والی شکایتوں پرکوئی توجہ نہیں دیتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس کام کیلئے تعینات افسران اور اہلکاربینر نکالے جانے کیلئے سیڑھی، گاڑی اور دیگر ساز و سامان نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہیں۔الزام ہے کہ ان غیر قانونی پوسٹروں پر کارروائی نہ کرنے کے عوض ان کی اچھی خاصی آمدنی ہوجاتی ہے۔
اس سلسلے میں میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال نے بتایا کہ غیرقانونی بینرس اور پوسٹرس سے شہر گندہ ہورہا ہے اور اس سے کارپوریشن کا شدیدمالی نقصان بھی ہورہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ محکمہ کو ان غیرقانونی بینرس اور پوسٹرسکے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ لاپروائی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔